الیکشن 2024ء چاروں صوبائی اسمبلیوں سے پارٹی پوزیشن سامنے آگئی

پنجاب میں ن لیگ، سندھ میں پیپلز پارٹی، پختونخوا میں آزاد امیدوار بازی لے گئے، بلوچستان میں پی پی کی 11 نشستیں

(فوٹو : فائل)

عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، چاروں اسمبلیوں کے تقریباً تمام نتائج موصول ہوگئے ہیں جس کے بعد پارٹی پوزیشن بھی واضح ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دیکھا جائے تو سندھ میں پیپلز پارٹی، کے پی میں پی ٹی آئی حمایت یافتگان اور پنجاب میں ن لیگ نے میدان مارا ہے جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

پنجاب اسمبلی کے تمام نتائج، ایک حلقہ باقی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 نشستوں کے نتائج کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کو ای وی ایم پر موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں آزاد امیدوار 138 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ ن 137 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ تیسرے، مسلم لیگ ق 8 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-240 سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار محمد سہیل نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا، جس کے بعد مسلم لیگ(ن) کی صوبائی اسمبلی میں ایک نشست کا اضافہ ہوگیا۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی اور تحریک لبیک پاکستان پنجاب اسمبلی میں ایک ایک نشست کامیاب ہوئی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ضیا نے پنجاب اسمبلی میں ایک نشست حاصل کی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب اسمبلی کی نشست پی کے 266 رحیم یار خان پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے۔

سندھ اسمبلی کے تمام حلقوں کے نتائج

سندھ اسمبلی کے تمام حلقوں کے نتائج الیکشن کمیشن نے جاری کردیے ہیں۔ 130 نشستوں کے اعلان کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 84 نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ ایم کیو ایم کو 28 اور آزاد امیدواروں کو 14 نشستیں ملیں۔ اسی طرح جی ڈی اے اور جماعت اسلامی بھی 2،2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

بلوچستان سے 45 حلقوں کے نتائج، 6 تاحال باقی

بلوچستان اسمبلی کے 45 حلقوں پر نتائج کا اعلان کردیا گیا جب کہ 6 حلقوں پر نتائج کا اعلان باقی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں پیپلزپارٹی نے 11نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ ن 9 نشستیں حاصل کر پائی جب کہ جے یو آئی کی 8 نشستیں ہیں اور 6آزاد امیدوار بھی بلوچستان اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی 4، عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی 2، 2 نشستیں حاصل کر پائیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔

خیبر پختونخوا کی تمام 113نشستوں کے نتائج جاری


خیبرپختونخوا کی تمام 113 نشستوں پر نتائج کا اعلان کردیا گیا۔غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی میں 91 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ جے یو آئی کو 7، مسلم لیگ ن کو 5 نشستیں ملیں۔ پیپلزپارٹی 4،جماعت اسلامی 3 نشستیں حاصل کر پائی۔ اے این پی کے ایک امیدوار اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے 2 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

سیاسی جماعتوں کی پارٹی پوزیشن


پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے اب تک قومی اسمبلی سے 100 نشستیں جیتی ہیں تاہم صوبائی اسمبلیوں کا جائزہ لیں تو انہوں ںے پنجاب اسمبلی کی 117، کے پی اسمبلی کی 84 اور سندھ اسمبلی کی 11نشستیں حاصل کیں تاہم بلوچستان سے انہیں کوئی نشست نہیں ملی۔


پاکستان مسلم لیگ ن

مسلم لیگ ن جہاں ملک بھر سے قومی اسمبلی کی اب تک 74 نشستیں جیت چکی ہے وہیں اس نے پنجاب اسمبلی سے 137، کے پی اسملبی سے 5، بلوچستان اسملبی سے 9 نشستیں جیتی ہیں تاہم ن لیگ سندھ اسمبلی کی اب تک ایک بھی نشست حاصل نہیں کرسکی۔

پاکستان پییپلز پارٹی

پی پی پی کو قومی اسمبلی کی اب تک54 نشستیں مل چکی ہیں تاہم صوبائی اسمبلیوں دیکھیں تو پی پی کو پنجاب اسمبلی کی 10، ، سندھ اسمبلی کی 84، خیبر پختون اسمبلی کی 4 اور بلوچستان اسمبلی کی 11 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ

ایم کیو ایم کو نیشنل اسمبلی کی 17 نشستیں ملی ہیں جبکہ سندھ اسمبلی کی اسے 27 نشستیں ملی ہیں۔

جمیعت علمائے اسلام (ف)

جے یو آئی اب تک قومی اسمبلی کی تین نشستیں حاصل کرچکی ہے جبکہ اس نے پنجاب اور سندھ اسمبلی سے کی کوئی نشست نہیں جیتی، خیبر پختون اسمبلی کی سات اور بلوچستان اسمبلی کی 8 نشستیں اسے حاصل ہوئی ہیں۔

آزاد امیدوار

وہ امیدوار جنہوں نے کسی بھی جماعت کی حمایت نہیں اور مکمل طور پر آزاد ہیں انہوں ںے قومی اسمبلی کی سات نشستیں حاصل کی ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی سے بیس، سندھ اسمبلی سے تین، بلوچستان اسمبلی سے چھ اور خیبرپختون خوا اسمبلی سے سات آزاد امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔

دیگر جماعتیں

جماعت اسلامی کو سندھ اسمبلی سے دو، کے پی اسمبلی سے تین اور بلوچستان اسمبلی سے ایک نشست ملی ہے، جی ڈے اے کو سندھ اسمبلی کی دو نشستیں ملی ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی کو نیشنل کی ایک نشست اور بلوچستان اسمبلی سے چار نشستیں ملی ہیں، تحریک لبیک پاکستان کو پنجاب اسمبلی سے ایک نشست ملی ہے۔
Load Next Story