وفاق خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حکومت ہم بنائیں گے بیرسٹر گوہر

آزاد امیدوار پارٹی کے وفادار ہیں جو کہیں نہیں جارہے، ہم اپنی حکومت الگ بنائیں گے، اچکزئی سے ابھی بات نہیں ہوئی


ویب ڈیسک February 10, 2024
(فوٹو : فائل)

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بارہ بجے تک تمام انتخابی نتائج موصول نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے، آزاد امیدوار پارٹی کے وفادار ہیں جو کہیں نہیں جارہے، ہم اپنی حکومت الگ بنائیں گے۔

یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج پاکستان کی ڈیمو کریٹک تاریخ کا اہم دن ہے کچھ حقائق آپ کے سامنے رکھیں گے ہم تین پیٹیشنز سپریم کورٹ لے گئے اور سات پیٹیشنز ہائی کورٹ لے گئے ہم اس بات کو اجاگر کرتے رہے کہ الیکشن نوے دن کے اندر ہوں بالاخر سپریم کورٹ کی دخل اندازی کرنے پر الیکشن کی تاریخ دے دی گئی۔

یہ پڑھیں : جن حلقوں میں نتائج تبدیل کیے گئے ان کے امیدوار کل نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں، عمران خان

انہوں ںے کہا کہ ہمیں یہ یقین دلایا گیا کہ ہمیں لیول پلینگ فیلڈ ملے گی لیکن سب نے دیکھا کہ سب سے پہلے ہم سے بلا لے لیا گیا ہمارے خلاف مقدمات درج ہوتے رہے جیل سے خان صاحب کا بیان پہنچتا رہا اور خان صاحب نے کہا تھا کہ ہم غلامی قبول نہیں کریں گے بالاخر الیکشن ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن پُرامن ہوئے ووٹنگ کا عمل پانچ بجے مکمل ہو گیا تھا لیکن الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فریضے سے پہلے بھی ناکام ہو چکا تھا آخری مرحلے میں بھی الیکشن کمیشن فیل ہوگیا جو سارا پروسس انہیوں نے کروایا اس کی وجہ سے فیصلہ تاخیر کا شکار ہوا پاکستان تحریک انصاف کو جیتی ہوئی سیٹوں پر ہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی، 94 قومی اسمبلی کی ہیں جو الیکشن کمیشن نے فیصلے جاری کیے ہیں، کے پی کے میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت آ چکی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، اس کے علاوہ کل خود ساختہ پرائم منسٹر نے جو اعلان کیا ہے اس بیان کی ہم مذمت کرتے ہیں اکثریت پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے پاکستان تحریک انصاف وفاق میں اور کے پی کے میں حکومت بنایے گی اور پنجاب میں بھی ہم انشااللہ حکومت بنائیں گے ہم تقریبا اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں گزارش کرتا ہوں الیکشن کمیشن اور پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ سے کہ جمہوریت کا حسن یہی ہوتا ہے، لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندے کو منتخب کریں، عوام نے بائیکاٹ نہ کرتے ہوئے اپنی رائے کا استعمال کیا عوام کی آواز کو دبانا اور اپنی مرضی کی حکومت بنانے کا عمل اکانومی برداشت نہیں کر سکے گی، پاکستان تحریک انصاف کے لئے کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے اور رزلٹ جلد سے جلد جاری کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق فارم 45 سے حتمی نتیجہ آخز کی جاتا ہے، ہمارے پاس تمام رزلٹ آ چکے ہیں نتائج کا آج بارہ بجے سے پہلے پہلے اعلان کیا جائے، میری تمام کارکنان سے درخواست ہے کہ آپ احتجاج کریں اور پرامن احتجاج کریں، آپ کے پاس پاکستان کے جھنڈے ہونے چاہییے، اگر یہ بارہ بجے تک رزلٹ جاری نہیں کرتے تو ہم اس پر احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حکومت بنائیں گے، یہ پہلی بار ہوگا کہ پاکستان کی عوام نے لیڈر شپ کے جیلوں میں ہوتے ہوئے بھی انہیں جتایا گیا ہے ہماری کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں ہے، یہ ہمارا ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک محمود خان اچکزائی کی بات ہے ہم نے ان سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، ہمارے جتنے بھی امیدوار ہیں وہ ہمارے ساتھ رہیں گے، ہمارے جو آزاد امیدوار ہیں وہ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، وہ پارٹی کے وفادار ہیں اور پارٹی کے ساتھ رہیں گے ہم اپنی آزاد حکومت بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیان آئین کے لیے خوش آئند نہیں، دن سے پندرہ دن کے اندر پراسس مکمل کر کے انٹرا پارٹی کی طرف جائیں گے ہمیں عوام نے بڑا مینڈیٹ دیا ہے مینڈیٹ کا احترام لازمی ہے ہم سیاسی لوگ ہیں ہم سیاسی فیصلہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔