الیکشن میں مرضی کے لوگوں کو کامیاب کروایا گیا جمعیت علمائےا سلام

مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 14 فروری کو طلب، نتخابی نتائج سمیت آئندہ کی صورتحال پر غور وخوض ہوگا، ترجمان


ویب ڈیسک February 10, 2024
فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام ( ف ) نے عام انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں قومی لیڈروں کو ہروایا گیا اور ایسے لوگوں کو جتوا یا گیا جن کا حلقے میں نام تک نہیں تھا۔

جمعیت علمائے اسلام ( ف ) کے سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبد الغفورحیدری نے انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2024 کے انتخابات نے نئی تاریخ رقم کی ہے جس میں قومی لیڈروں کو ہروایا گیا اور ایسے لوگوں کو جتوا یا گیا جن کا حلقے میں نام تک نہیں تھا۔

مولانا عبد الغفورحیدری نے کہا کہ الیکشن میں مرضی کے لوگوں کو کامیاب کروایا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن کیوں اتنا بے بس رہا، عین الیکشن کے دن موبائل سروس کو بند کردیا گیا۔

سیکریٹری جنرل جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کمیشن نے نئی روایتیں قائم کی ہیں، 2013، 2018 اور 2024 کے انتخابات میں ایسے لوگوں کو جتوایا گیا جن کو حلقے کے لوگ جانتے تک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس بات پر تلا ہوا ہے کہ قوم کو منتخب حکومت نہیں دینی بلکہ ایسی حکومت دینی ہے جو شو پیس کا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عنقریب مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں آئندہ کالائحہ طے کریں گے اوراپنا موقف دیں گے۔

جے یو آئی ( ف ) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب

ترجمان جے یو آئی ( ف ) اسلم غوری کے مطابق پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبائی امراء ونظماء کا اہم اجلاس 14 فروری کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس کی صدرات جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔

اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں انتخابی نتائج سمیت آئندہ کی صورتحال پر غور وخوض ہوگا۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ نتائج پر تحفظات ہیں، بندر بانٹ کی گئی، ہمیں دیوار سے لگایا گیا مگر ہم بھرپور مقابلہ کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔