لیاری میں جشن منانے کے دوران پی پی کارکنان آپس میں لڑپڑے 4 زخمی

مسلح افراد کی سول اسپتال میں ہنگامہ آرائی اور اندھا دھند فائرنگ سے اسپتال میں خوف ہراس پھیل گیا

مسلح افراد کی سول اسپتال میں ہنگامہ آرائی اور اندھا دھند فائرنگ سے اسپتال میں خوف ہراس پھیل گیا

لیاری میں پیپلز پارٹی کے عام انتخابات میں کامیابی پر جشن منانے کے دوران دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 کارکنان زخمی ہوگئے۔

چاکیواڑہ نمبر 2 شیل پیٹرول پمپ کے قریب پیپلز پارٹی کی جیت کی خوشی میں جشن کی تقریب کے دوران کارکنان کے آپس میں جھگڑے کے دوران چار افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کارکنان ایک مرتبہ پھر آپس میں لڑ پڑے۔ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے سول اسپتال ٹراما سینٹر میں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے اسپتال پہنچ کر حالت کو کنٹرول کر لیا ، لیاری میں جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ گل حمید ولد گل حکیم ، 26 سالہ محمد علی ولد محمد رمضا ، 42 سالہ محمد یاسین ولد عدالت خان اور 33 سالہ امیر علی ولد جمعہ خان کے ناموں سے کی گئی۔


تمام زخمی ہونے والے پیپلز پارٹی کے کارکنان بتائے جاتے ہیں۔ بعدازاں پیپلز پارٹی کے ایک گروپ نے سول اسپتال برنس وارڈ کے قریب چوک پر دھرنا دیتے ہوئے سڑک پر ٹائر جلائے اور سول اسپتال آنے جانے والے راستوں پر رکاوٹیں رکھ کر بلاک کر دیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

ہنگامہ آرائی ، فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے دوران عید گاہ تھانے کی پولیس موقع پر موجود ضرور تھی تاہم پولیس افسران و اہلکاروں نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا۔

مظاہرین نے پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نثار کھوڑو اور اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر خلیل ھوت کو ان کے عہدے سے برطرف کر کے ان کے اور ان کے درجنوں ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

[video width="480" height="848" mp4="https://www.express.pk/2024/02/whatsapp-video-2024-02-11-at-2.17.38-am-1707633397.mp4"][/video]
Load Next Story