کراچی نامعلوم مسلح افراد باڑے سے کروڑوں روپے مالیت کے مویشی لے گئے
باڑے سے مویشی چھینے جانے کی واردات 20 سے 25 مسلح ملزمان نے کی، مالک کا بیان
لانڈھی میں مویشیوں کے باڑے سے نامعلوم مسلح ملزمان کروڑوں روپے مالیت کی 94 بھینسیں اور گائے لے گئے، وردات کا مقدمہ باڑے کے مالک کی مدعیت میں لانڈھی تھانے میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب لانڈھی تھانے کی حدود میں واقع مویشیوں کے باڑے سے نامعلوم مسلح ملزمان کروڑوں روپے مالیت کی 94 بھینسیں اور گائے لے گئے، واردات کا مقدمہ الزام نمبر 24/88 بجرم دفعہ 397 کے تحت باڑے کے مالک واحد بخش کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
باڑے سے مویشی چھینے جانے کی واردات 20 سے 25 مسلح ملزمان نے کی، واردات میں ملوث ملزمان پاس کلاشنکوف، رپیٹر اور پسٹل موجود تھے۔ مسلح ملزمان نے باڑے میں موجود مالک اور ملازمین کو رسیوں سے باندھا اور مویشیوں کو تین ٹرکوں میں لاد کر فرار ہوگئے، چھینی جانے والی بھینسوں اور گائے کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ واردات میں ملوث 4 ملزمان کو پہچانتا ہے جس میں منظور چانڈیو، اختر چانڈیو، ولی جان چانڈیو اور ارشد بروہی شامل تھے۔
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ مسلح ملزمان مویشیوں کے ساتھ ان کے ایک ملازم کو بھی لے گئے ہیں، پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر کے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔