ٹرمپ کی روس کے خلاف تیاری نہ کرنے والے نیٹو رکن کا تحفظ نہ کرنے کی تجویز مغربی طاقتیں برہم
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹینبرگ نے بیان میں کہا کہ اتحادیوں کی جانب سے کسی دوسرے کا تحفظ نہ کرنے کی تجویز سے امریکا سمیت ہم سب کی سلامتی خطرے سے دوچار ہوگی اور ساتھ امریکی اور یورپی فوجی خطرات کا شکار ہوں گے۔
ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیٹو رکن ممالک پر کسی قسم کے حملے کی صورت میں متحدہ ہو کر پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخاب میں ممکنہ طور پر ری پبلکن کے امیدوار ہوں گے۔
ٹرمپ نے جنوبی کیرولینا میں ریلی سے خطاب کے دوران نیٹو کے کسی رکن ملک کے صدر کا حوالے سے کہا تھا کہ مجھے سے پوچھا کہ اگر ہم تیاری نہیں کرتے ہیں اور روس حملہ کرتا ہے تو کیا آپ ہمیں بچائیں گے۔
سابق امریکی صدر نے ریلی کے شرکا کو بتایا کہ میں نے ان کو جواب دیا کہ آپ خرچ نہیں کریں گے تو آپ مجرم ہیں اور میں آپ کی حفاظت نہیں کروں گا اور میں اس بات کی حوصلہ افزائی کروں گا کہ وہ جتنا بری طرح پیش آسکتے ہیں آجائیں۔
ٹرمپ کے بیان پر پولینڈ کے وزیردفاع ولادیسلا کوسینیاک کیمیز نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ نیٹو کو نعرہ ہے کہ 'ون فار آل، آل فار ون' اور یہ نعرہ بنیادی عزم ہے، اتحادی ممالک کا استحکام کمزور کرنے کا مطلب پورے نیٹو کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک کی سیکیورٹی کے ساتھ کھیلنے کو انتخابی مہم کا بہانہ نہیں بنایا جاسکتا ہے۔
Dewiza NATO „jeden za wszystkich, wszyscy za jednego" jest konkretnym zobowiązaniem. Podważanie wiarygodności państw sojuszniczych to osłabianie całego Paktu Północnoatlantyckiego. Żadna kampania wyborcza nie jest wytłumaczeniem dla igrania bezpieczeństwem Sojuszu.
یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل نے کہا کہ نیٹو کی سلامتی اور آرٹیکل 5 کے حوالے سے غیرذمہ دارانہ بیان سے صرف روسی صدر ویلادیمیر پیوٹن کے مفادات کو تقویت پہنچے گی۔
نیٹو معاہدے کا آرٹیکل 5 واضح کرتا ہے کہ کسی بھی رکن ملک پر مسلح حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا اور دفاع کے لیے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی۔