متھن چکرورتی فالج کا شکار

متھن چکرورتی کی اسپتال سے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے

متھن چکرورتی کی شوٹنگ سے واپسی پر طبیعت ناساز ہوگئی تھی : فوٹو : اسکرین گریب

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی فالج کا شکار ہوگئے ہیں، اُن کا علاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سینیئر اداکار متھن چکرورتی کو 10 فروری کی صبح سینے میں تکلیف، اوپری اور نچلے اعضاء میں کمزوری کی شکایت کے ساتھ کولکتہ کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اُن کے دماغ کا ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔

ایم آر آئی کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ متھن چکرورتی کو دماغ کا فالج ہوا ہے جس کے بعد اُن کا علاج جاری ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متھن چکرورتی مکمل طور پر ہوش میں ہیں، اُن کی صحت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، اُنہیں طاقت کے لیے ڈرپس لگائی جارہی ہیں اور ساتھ ہی نرم غذا بھی دی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: متھن چکرورتی کی شوٹنگ سے واپسی پر طبیعت ناساز، اسپتال میں داخل


ڈاکٹر نے مزید کہا کہ متھن چکرورتی کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے سے پہلے اُن کا مزید طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ اداکار کو گھر جانے کے بعد کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب متھن چکرورتی کی اسپتال سے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں مغربی بنگال بی جے پی کے سربراہ سکانتا مجمدار اداکار سے ملاقات کررہے ہیں۔
Load Next Story