ریحانہ ڈار کی درخواست الیکشن کمیشن نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نتیجہ روک دیا

الیکشن کمیشن نے متعلقہ آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی


ویب ڈیسک February 12, 2024
(فوٹو : فائل)

الیکشن کمیشن نے ریحانہ ڈار کی درخواست پر این اے 71 سے خواجہ آصف کی فتح کا نتیجہ روکتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر (آر او) سے رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے کہ وہ این اے 71 سیالکوٹ سے امیدوار ہیں، ان کے ساتھ دھاندلی ہوئی اور مخالف امیدوار ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کے دھاندلی کے ذریعے ووٹ بڑھائے گئے۔

انہوں نے وکیل کے توسط سے موقف اختیار کیا کہ فارم 45 کے مطابق ہم 50 ہزار کی لیڈ سے جیت چکے ہیں، آر او کی جانب سے جو فارم 47 تیار کیا گیا اس میں ہمیں 47 ہزار ووٹوں سے ہرایا گیا، اب سے آدھا گھنٹہ پہلے الیکشن کمیشن نے ویپ سائٹ پر ایک اور فارم 47 اپ لوڈ کیا۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ کیا آپ کی استدعا ابھی بھی وہی ہے کہ نئے فارم 47 سے کوئی فرق تو نہیں پڑا؟ اس پر وکیل نے کہا کہ جی مائی لارڈ ہماری درخواست پر نئے فارم 47 سے فرق نہیں پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : قومی و صوبائی اسمبلی کی مزید 27نشستوں کے حتمی نتائج روک دیے گئے
الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے این اے 71 کا نتیجہ روک دیا اور متعلقہ آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔