ملتان ائیرپورٹ پر سی اے اے کے پورٹر نے دیانت داری کی مثال قائم کردی
مسافر خاتون کو 5 لاکھ روپے مالیت کا گم شدہ سونے کا سیٹ واپس کردیا
ملتان ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے پورٹر نے دیانت داری کی مثال قائم کرتے ہوئے مسافر خاتون کو 5 لاکھ روپے مالیت کا گم شدہ سونے کا سیٹ واپس کردیا۔
ترجمان سی اے اے سیف اللہ خان کے مطابق ملتان ائیرپورٹ پر پورٹر یاسر کو بین الاقوامی بریفنگ ایریا میں جیولری باکس ملا، اس وقت گلف ائیر کی پرواز جی ایف 789 کی ملتان سے بحرین روانگی کی بریفنگ جاری تھی۔
پورٹر یاسر نے فوری طور پر ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر کو اطلاع دی جنھوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 25 منٹ میں اصل مالک کا سراغ لگالیا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق باکس میں موجود جیولری کی مالیت 5لاکھ 10ہزارروپے کے لگ بھگ تھی، مسافرکا قیمتی سامان ان کے حوالے کردیا گیا۔
مسافروں نے ملتان ائیرپورٹ اہل کاروں بالخصوص یاسر کی دیانت داری کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔