خیبرپختونخوا حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی کی شمولیت پر جماعت اسلامی میں اختلاف

جماعت اسلامی کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوا، پروفیسر ابراہیم خان


ویب ڈیسک February 13, 2024
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر نے پی ٹی آئی سے اتحاد کی تردید کردی—فائل: فوٹو

خیبرپختونخوامیں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شمولیت کے اور مل کر حکومت قائم کرنے کے معاملے پر جماعت اسلامی کے اندر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی کی جانب سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت سازی کے لیے اتحاد کا گرین سگنل دے دیا ہے اور آزاد امیدواروں کے تحفظ کے لیے اگر پی ٹی آئی کو جماعت اسلامی کی ضرورت پڑی تو خوش آمدید کہیں گے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم خان نے مرکز اسلامی پشاور سے جاری بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوا۔

پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جماعت اسلامی کا نام استعمال کرنے کا اخلاقاً کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر صوبے میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا تھا کہ مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔

رؤف حسن کے اعلان کے بعد ردعمل دیتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا تھا کہ ہم تو غیرمشروط اتحاد کے لیے بھی تیار تھے، ہماری یہ سوچ تھی کہ مجموعی طور پر اگر پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کو کوئی پلیٹ فارم چاہیے تو ہم مہیا کریں گے۔

ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ چلنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ بیٹھنے کو بھی تیار ہیں اور ہمارے ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں