ن لیگ پی پی کے پسِ پردہ مُک مکا اور سازش کا توڑ نکالیں گے پی ٹی آئی
پیپلزپارٹی عوامی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے کی سیاہ تاریخ رکھتی ہے جس نے 71 میں ملک کو گہرا زخم دیا، ترجمان پی ٹی آئی
بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد پی ڈی ایم کے کل پرزوں نے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے نئے ناٹک کا آغاز کردیا ہے۔ ان کی ہر سازش اور پسِ پردہ مک مکا کا توڑ نکالیں گے اور ملک و قوم کو ان کے شر سے محفوظ بنائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ زرداری کے فرزند کی سوچ جمہوری ہوتی تو جاتی امرا کے قزاقوں کے ساتھ مک مکا کی نئی مہم چلانے کی بجائے تحریک انصاف کو میسر عوامی مینڈیٹ تسلیم کرتے اور ووٹ کی کھلی بے حرمتی کی مذمت کرتے۔
ترجمان نے کہا عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے زرداری کے فرزند کی جماعت سیاہ تاریخ کی حامل ہے، عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین میں پیپلزپارٹی کی سہولت کاری نے پاکستان کو مشرقی بازو کی علیحدگی کا گہرا زخم دیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا آج زرداری کا فرزند زرداری کے اشاروں پر اپنی خاندانی اور موروثی سیاست کو ننگی بددیانتی اور اقتدار کی بندر بانٹ کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوششیں کررہا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ آئینی، حکومتی اور پارلیمانی عہدوں کی آپس میں تقسیم کے بعد باہم فاصلوں کی اداکاری ان کے کسی کام آئے گی نہ عوام ان کے جھانسے میں آئیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ عمران خان کے دیے گئے شعور کے بعد قوم جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکّے کے دو رُخ، عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسانے اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
ترجمان نے کہا قوم جانتی ہے کہ عمران خان اس بوسیدہ نظام کو بدلنے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جس کے یہ دونوں بینیفشری ہیں اور اسے تقویت اور دوام بخشنا چاہتے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کی آئندہ نسلوں کو گروی رکھ کر اپنی موجودہ اور آئندہ نسلوں کے مستقبل محفوظ بنانے کے مکروہ منصوبے عوام خاک میں ملائیں گے، حکومت سازی ہو یا حزبِ اختلاف کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا معاملہ، تحریک انصاف ہی اکثریتی مینڈیٹ کی حامل ہے۔