قومی ٹیم کسی کے گھر کی ٹیم نہیں اچھا کھلاڑی ملک کی نمائندگی کرے گا محمد نواز

ٹیم سے باہر ہونے والا پلیئر لوگوں کو زیادہ اچھا لگتا ہے ، وہ نہ کھیلے تو اُسے ہٹانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، آل راؤنڈر


Zubair Nazeer Khan February 13, 2024
فوٹو فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کےآل راؤنڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کسی کے گھر کی ٹیم نہیں ہے، جو اچھا کھیلے گا وہ ملک کی نمائندگی کرے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا کہ جو پلیئر بھی ٹیم سے باہر ہوتا ہے، وہ لوگوں کو زیادہ اچھا لگتا ہے، ایک دو میچز میں پرفارمنس اچھی نہ ہو تو وہ ہی کھلاڑی لوگوں کو برا لگنا شروع ہو جاتا ہے اور اسے باہر کرنے کا مطالبہ شروع ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2016 سے کبھی میں اور کبھی عماد وسیم ٹیم میں شامل رہے، پاکستان ٹیم کسی کے گھر کی ٹیم نہیں کہ میں ہی کھیلوں گا، جو اچھا پرفارم کرےگا، وہی ٹیم میں شامل ہوگا، سب یہی چاہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی رہے۔

محمد نواز نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں، میری پرفارمنس میں بتدریج بہتری آئی ہے، آئندہ جب بھی موقع ملا پاکستان کی فتح میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں ابھی وقت ہے،سب چاہتے ہیں کہ پاکستان کامیابی سے ہم کنار ہو،اس وقت تمام تر توجہ پی ایس ایل 9 پر ہے۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ کراچی کنگز کے لیے بطور آل راؤنڈر اچھی کارکردگی دکھاؤں، ہمارا ہدف پلے آف کیلیے کوالیفائی کرنا ہے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کیلیے پوری جان لڑاؤں گا، کراچی کنگز کے ساتھ ساتھ پلیئرز کیلیے بھی یہ ایونٹ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز میرے لیے نئی ٹیم ہے، کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس سے کراچی کنگز کو میچز جتواؤں، بولنگ اور بیٹنگ کو بہتر کرنے کیلے محنت کرتا ہوں، کراچی کنگز سے فینز کو کافی امیدیں ہیں، دوران مقابلہ کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں کرتا، میری پوزیشن پر میچ کا انحصار ہوتا ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ اپنی ذمہ داری بخوبی احسن طریقے سے انجام دوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں