جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کا دھاندلی کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان

گرینڈ الائنس کے وفد کی ادارہ نور حق آمد، حافظ نعیم نے حیدرآباد ٹول پلازہ پر دھرنے کی دعوت قبول کرلی

فوٹو: فیس بک

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور جماعت اسلامی نے اندرون سندھ و کراچی میں دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے نائب صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور جنرل سیکریٹری سردار عبد الرحیم کی زیر قیادت وفد نے منگل کی شب ادارہ نورحق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی جس میں عام انتخابات میں بد ترین دھاندلی اور مینڈیٹ چوری کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

جی ڈی اے کی جانب سے جماعت اسلامی کو حیدرآباد ٹول پلازہ پر احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی گئی جسے حافظ نعیم الرحمن نے قبول کیا اور دھرنے میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے اندرون سندھ میں پولنگ اسٹیشن پر قبضے کرکے زبردست قسم کی دھاندلی کی اور مینڈیٹ پر قبضہ کیا۔ ہم فارم 47 کے جعلی نتائج کو قبول نہیں کرتے فارم 45 کے مطابق نتیجے جاری کیے جائیں۔


حافظ نعیم نے کہا انتخابات سے قبل ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کرنے والے حکومت اور اقتدار کے حصول کے لیے غیر مشروط حمایت کررہے ہیں۔ انتخابات کے نام پر بدترین ڈرامہ رچایا گیا اور سیٹوں کی بندر بانٹ کی گئی۔ ہم بدترین دھاندلی اور مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔

ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ دھاندلی اور مینڈیٹ کو چوری کرنے کے حوالے سے جماعت اسلامی کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا کراچی میں اپنی نشست نہ لینے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے منہ پر تمانچہ ہے۔ عام انتخابات میں ملک کے آئینی و جمہوری تشخص کو پامال کیا گیا ہے۔

صفدر عباسی نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں لکھے ہوئے فیصلوں کو سنایا گیا ہے۔ 54 نشستوں اور 75 نشستوں والے وزیر اعظم کے عہدے کا دعویٰ کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جس طرح جتوایا گیا یہ جمہوریت کے نام پر مذاق ہے۔اندرون سندھ میں ہمارے امیدواروں نے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لے کر بھی شکست کھائی ہے۔

جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ ڈی جی اے کی جانب سے پہلا دھرنا جی ٹی روڈ ٹول پلازہ حیدر آباد پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دعوت قبول کی ہے۔ جماعت اسلامی اپنے دھرنے میں دعوت دے گی تو ہم قبول کریں گے۔

سردار عبد الرحیم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایم کیوا یم سے ہمارا کوئی اتحاد نہیں ہوا تھا بلکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی، ہم پورے انتخابات کو کالعدم قراردینے کا مطالبہ کرتے ہیں خواہ کسی کو بھی جتوایا گیا ہو۔
Load Next Story