سندھ اور پنجاب میں سورج آگ برسانے لگا لاڑکانہ کا پارہ 51 تک جا پہنچا

ملک کے بالائی علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کے روز گرمی کی شدت کمی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک June 06, 2014
جیکب آباد اور موئن جودڑو میں 48 اورسکھر کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا فوٹو: فائل

صوبہ سندھ اور پنجاب کے متعدد شہروں میں شدید گرمی کا راج ہے اور لاڑکانہ کا درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی، نوشہرو فیروز سمیت اندرون سندھ میں شدید گرمی کا راج ہے، لاڑکانہ میں تو سورج اس آب وتاب کے ساتھ چمکا کہ درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ جیکب آباد اور موئن جودڑو میں 48، سکھر میں 46 اور کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور اور ملتان سمیت صوبہ پنجاب کے متعدد شہروں کو بھی گرمی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، دن ہوتے ہی سورج آگ برسانا شروع کرتا ہے جس کے باعث سڑکیں سنسان، چرند پرند سایے کی تلاش میں جبکہ لوگ گھروں میں رہنے پر مجبورہیں، لاہور میں گزشتہ روز درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملتان میں 45، ڈیرہ غازی خان میں 46 اور بہاولپور میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی ریکارڈ کی گئی اور آئندہ چند روز میں یہ پارہ اور چڑھنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بالائی علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کے روز گرمی کی شدت کچھ کم رہنے کی خوشخبری سنائی گئی ہے جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں رہنے والوں کو گرمی کی شدید لہر مزید چند دن برداشت کرنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں