نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کابینہ کی تشکیل کیلئے مختلف ناموں پر غور

صوبائی کابینہ میں مریم اورنگزیب کو بھی شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، ناموں کی منظوری نواز شریف اور شہباز شریف دیں گے


ویب ڈیسک February 14, 2024
مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی—فائل: فوٹو

پنجاب کی پہلی نامزد خاتون وزیراعلیٰ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے صوبے میں کابینہ کی تشکیل کے لیے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی کابینہ میں پنجاب کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع سے صوبائی وزرا لیے جانے کا امکان ہے اور نامزد وزیراعلی پہلے مرحلے میں 25 سے 30 رکنی کابینہ بنانے پر غور کر رہی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزرا میں مریم اورنگزیب اور ملک احمد خان کے ناموں پر مشاورت ہوگئی، اس کے علاوہ رانا اقبال، خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کے ناموں پر غور کیا گیا۔

نامزد وزیراعلیٰ کی جانب سے اپنی کابینہ کے لیے فیصل کھوکھر، یاور زمان، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان، ذکیہ شاہنواز، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار نامزد

مسلم لیگ (ن) کے متحرک رہنما رانا مشہود اور پیر اشرف رسول کو مشیر یا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ناموں کی حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف دیں گے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ نواز شریف نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی منظوری دی ہے، اس کے علاوہ شہباز شریف نے بھی اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کے گھر میں سیاسی بیٹھک کے بعد پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا تھا۔

حالیہ عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے سب سے زیادہ 131 نشستیں حاصل کرلی تھی لیکن اس کے بعد متعدد آزاد امیدواروں نے بھی شمولیت اختیار کی، جس کے نتیجے میں مجموعی تعداد بڑھ کر حکومت بنانے کے لیے درکار مطلوبہ تعداد 149 پوری ہوگئی ہے جبکہ مخصوص نشستوں کے ساتھ یہ تعداد مزید بڑھ جائے گی۔

پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کی تعداد دوسرے نمبر پر ہے، جس کے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پھر مسلم لیگ (ق) کا نمبر آتا ہے، جن کے اراکین کی تعداد بالترتیب 10 اور 8 ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں