جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 30 ملزمان اشتہاری قرار
’ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوچکے ہیں، اشتہاری قرار دیا جائے‘عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرلی
عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 30 روپوش ملزمان کواشتہاری قرار دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں بڑی پیش رفت ہوئی اور انسداد دہشت گردی عدالت نے عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 30 روپوش ملزمان کواشتہاری قرار دے دیا ہے۔
اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں طاہرہ یاسمین،عاصمہ ممتاز، رضوانہ غضنفر ، حیات سکندر، وقاص احمد محسن ،اویس خان، امجد پرویز عباسی ، راجا شاہ نواز، تنزیلہ عمران خان، مسماۃ شونیلا رتھ، زاہد لودھی، ملک تیمور سمیت دیگر شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی جس پر انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے فیصلہ سنایا۔
عدالت میں تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان کے اشتہارات بھی شائع ہوئے مگر ملزم پیش نہیں ہوئے، ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوچکے ہیں، ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے۔
پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے 30 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔