عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 17 ارب کرپشن کا ریفرنس چیئرمین نیب کو بھیج دیا

ملزمان نے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد عدالت کے پاس سماعت کا اختیار نہیں۔

ڈاکٹر عاصم و دیگر نے احتساب عدالت کے دائرہ اختیار چیلنج کیا تھا—فائل: فوٹو

احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 17 ارب روپے کے کرپشن کا ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھیج دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین سمیت 10 ملزمان کے خلاف ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھیج دیا۔


احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف ریفرنس 8 سال تک زیر سماعت رہا، جس میں نامزد دیگر ملزمان میں اقبال زیڈ احمد، شعیب وارثی، ظہیر صدیقی اور دیگر شامل تھے۔

نیب کے مطابق ملزمان پر گیس کے ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب کی کرپشن کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ ملزمان نے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد احتساب عدالت کو ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔
Load Next Story