آلودگی میں خطرناک اضافہ تھائی لینڈ میں ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت

جمعرات کو بنکاک دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر رہا


ویب ڈیسک February 15, 2024
فوٹو: تھائی میڈیا

تھائی لینڈ میں آلودگی میں خطرناک اضافے کے بعد ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت کردی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک اور آس پاس کے صوبوں میں آلودگی کی سطح تشویش ناک حد تک بڑھ گئی جس نے حکومت کو غیرمعمولی اقدامات اٹھانے پر مجبور کردیا ہے۔

بنکاک کے گورنر نے ایک بیان میں کہا کہ شہر میں آلودگی کی سطح بلند ہے جس کے باعث تمام سرکاری و نجی ملازمین اگلے دو روز تک گھروں سے کام کریں گے۔

فضائی نگرانی کی ویب سائٹ آئی کیو ایئر کے مطابق جمعرات کی صبح بنکاک دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر رہا۔

مقامی حکام کے مطابق بنکاک کے 50 میں سے کم از کم 20 اضلاع میں ہوا میں PM2.5 ذرات کی غیر صحت بخش سطح ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں عام طور پر سال کے شروع میں کسانوں کی جانب سے فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے ہوا کا معیار گر جاتا ہے جس میں صنعتی دھویں اور بھاری ٹریفک کے باعث مزید اضافہ ہوتا ہے۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم سریتھا تھاوِسین نے صحافیوں سے گفتگو میں فصلوں کی باقیات جلانے کو آلودگی میں اضافے کی وجہ قرار دیا لیکن ساتھ ہی انہوں نے آلودگی کا ایک چوتھائی حصہ فوسل فیول سے چلنے والی گاڑیوں کو بھی قرار دیا۔

تھائی وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک کو ہم کنٹرول کر سکتے ہیں، مقامی حکومت کو آلودگی کو روکنے کے لیے بنکاک میں فوسل فیول سے چلنے والی گاڑیوں کی حد پر غور کرنا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں