شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے4 ملزمان ہلاک

گلشن بونیر، نیو کراچی اور شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائیاں،اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں


Staff Reporter June 07, 2014
گلشن بونیر، نیو کراچی اور شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائیاں،اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں. فوٹو: فائل

گلشن بونیر، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا اور شاہ لطیف ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے دوران 4ملزمان ہلاک ہوگئے ۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں،تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے گلشن بونیر ریڑھی روڈ مظفر آباد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو ہلاک کر دیا، ایس ایچ او قائد آباد امان اﷲ مروت نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مظفر آباد قبرستان کے قریب پولیس اسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ125موٹر سائیکل پر سوار 2 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انھوں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی ۔

جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان زخمی ہوکر موٹر سائیکل سمیت نیچے گر گئے، پولیس نے زخمی ملزمان کو حراست میں لیکر2 ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل تحویل میں لی، ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لا رہی تھی کہ وہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ، ہلاک ہونے والے ملزمان کی عمریں25 سے27 سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت نہیں ہوسکی،شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے آغا ٹاؤن ملیر ندی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں موٹر سائیکل سوار35 سالہ ملزم ہلاک ہو گیا ۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی، پولیس کے مطابق ، آغا ٹاؤن ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار2ملزمان دکاندار اختر زیب سے 54 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا ساتھی رقم لے ر فرار ہوگیا، ہلاک ملزم کی شناخت نہ ہوسکی،نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے بشیر چوک پر پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول ، چھینا گیا موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر کے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ۔

ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا انسپکٹر چنگیز خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ 3 ملزمان نیو کراچی نمبر6بشیر چوک کے قریب محمد جاوید صدیقی نامی شخص سے موٹر سائیکل ، موبائل فون اور1200روپے چھین کر بھاگ رہے تھے کہ پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی پولیس نے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت30 سالہ خضر ولد عبد الشکور کے نام سے جبکہ زخمی ملزمان نے اپنے نام رمضان اور فیضان بتائے ہیں، ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی رقم ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں