اسٹیبلمشنٹ سے بات کرنے کیلیے تیار ہیں ترجمان پی ٹی آئی

مولانا فضل الرحمان نے بھی وہی باتیں کیں جو ہم نے کیں، مولانا کا نشانہ ہم نہیں ہیں، رؤف حسن


ویب ڈیسک February 16, 2024
رؤف حسن نے کہا کہ ہماری مقصد سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے—فائل: فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا اظہار کیا ہے اور ہماری جماعت اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'سینٹر اسٹیج' میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے کا مقصد ہر گز انتخابی اتحاد نہیں ہے، ہمارا مقصد ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوں۔

روف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ سب جماعتوں سے رابطہ کریں، مثبت انداز میں سیاست کریں تو ملاقاتوں میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے بھی وہی باتیں کیں جو ہم نے کیں، مولانا کا نشانہ ہم نہیں ہیں لیکن معلوم نہیں کہ ہم مولانا صاحب کے ساتھ چل سکتے ہیں یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے ہم تیار ہیں، پی ٹی آئی نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کی بات کی ہے، اگر بات ہو جائے تو کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

روف حسن نے کہا کہ ہم اپنے احتجاج کے حق سے بھی دستبردار نہیں ہوں گے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پارلیمنٹ میں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فوکس پبلک ویلفیئر پر رہا ہے، ہمارا مقصد الیکشن پر اٹھائے جانے والے اعتراضات ختم کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جمہورتی اقدار کو فروغ دیا جائے۔

رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ جن کو ہم نے دعوت دی وہ جماعتیں ہمارے ساتھ شامل ہوں گی یا نہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں