ٹاپ پرفارمرز پر ایک نظر بابراعظم رنز کی دوڑ میں سب سے آگے

بولنگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے سابق پیسر وہاب ریاض 113 وکٹیں اڑاکر سرفہرست ہیں


Abdul Aziz February 17, 2024
اسٹار بیٹر نے 79 میچز کی 77 اننگز میں 10 بار ناقابل شکست رہتے ہوئے سب سے زیادہ 2935 رنز جوڑ رکھے ہیں۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستان سپر لیگ کا 9 واں ایڈیشن ہفتے سے شروع ہونے جارہا ہے،گزشتہ 8 ایڈیشنز میں رنز بنانے کی دوڑ میں بابراعظم سب سے آگے ہیں، اسٹار بیٹر نے 79 میچز کی 77 اننگز میں 10 بار ناقابل شکست رہتے ہوئے سب سے زیادہ 2935 رنز جوڑ رکھے ہیں،انھوں نے اب تک ایک سنچری اور 28 ففٹیز بنائی ہیں۔

ماضی میں کراچی کنگز کی جرسی بھی زیب تن کرنے والے بابر اعظم اس بار پشاور زلمی کی قیادت کریں گے،فخر زمان 2368 رنز جوڑ کر دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انھوں نے 76 میچز کی تمام اننگز میں شریک ہوکر 2 سنچریز اور 18 ففٹیز بھی بنا رکھی ہیں، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک 2082 رنز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، وہ اب تک 81 میچز کی 77 اننگز میں 14 ففٹیز بناچکے ہیں، وہ ملکی لیگ میں تاحال تھری فیگر اننگز نہیں کھیل پائے ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 2000 رنز کی تکمیل سے محض 4 قدم کی دوری پر ہیں، انھوں نے 71 میچز کی 60 اننگز میں 1996 رنز نام جوڑ رکھے ہیں، ایک سنچری اور 16 ففٹیز بھی شامل ہیں، سابق وکٹ کیپر کامران اکمل 75 میچز میں 1972 رنز بناکر ٹاپ 5 میں موجود ہیں، انھوں نے 3 سنچریاں اور 12 ففٹیز بنائی ہیں، رائیلی روسیو 1867 رنز بناکر چھٹے نمبر پر فائز ہیں، محمد حفیظ 1731 رنز کے ساتھ ساتویں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے الگ ہونے والے محمد سرفراز 1503 رنز بناکر آٹھویں نمبر پر ہیں،شین واٹسن 1361 رنز کے ساتھ نویں جبکہ شان مسعود 1318 رنز کے ساتھ ٹاپ 10 میں موجود ہیں۔

بولنگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے سابق پیسر وہاب ریاض 113 وکٹیں اڑاکر سرفہرست ہیں، ان کی بہترین پرفارمنس 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی، حسن علی 72 میچز میں 94 شکار کرکے دوسرے نمبر پر ہیں، اس میں ان کی بہترین کاوش 15 رنز کے عوض 4 شکار تھے، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی 89 وکٹیںاڑاکر تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

ان کی بہترین کاوش 4 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہی ہیں، شاداب خان نے 77 رنز شکار کرکے چوتھی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے، انھوں نے 28 رنز کے عوض 5 وکٹوں کی بہترین پرفارمنس پیش کررکھی ہے، فہیم اشرف نے 72 شکاروں کے ساتھ پانچویں، محمد نواز نے 70 وکٹوں کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کرلی، لاہور قلندرز کے حارث رؤف 64 وکٹیں لیکر ساتویں، محمد عامر نے 63 وکٹوں کے ساتھ آٹھویں، عمران طاہر نے 56 وکٹوں کے ساتھ نویں جبکہ سہیل تنویر 55 شکاروں کے ساتھ ٹاپ 10میں شامل ہیں۔

ٹاپ 5 وکٹ کیپرز میں محمد رضوان سرفہرست ہیں، انھوں نے 71 میچز میں 74 شکار کیے، جس میں 59 کیچز اور 15اسٹمپڈ شامل رہے، پشاور زلمی کے کامران اکمل نے 75 میچز میں 62 شکار کیے، جس میں 53 کیچز اور 9 اسٹمپڈ موجود ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے سرفراز احمد نے 49 پلیئرز کو پویلین بھیجا جس میں 38 کیچز اور 11اسٹمپڈ شامل رہے۔

کراچی کنگزاور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جرسیاں زیب کرنے والے بین ڈنک نے 25 شکاروں میں 19 کو کیچز اور 3 اسٹمپڈ کیے، کمار سنگاکارا نے 24 میچز میں 20 شکار کیے، اس میں 19کیچز اور ایک اسٹمپڈ شامل رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں