ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا کردیا گیا

الطاف حسین کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے 3 جون کو منی لانڈرنگ کیس میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا


ویب ڈیسک June 07, 2014
سدرک پولیس اسٹیشن میں الطاف حسین کا 9 گھنٹے انٹرویو کیا گیا، فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا کردیا گیا تاہم اسکاٹ لینڈ یارڈ نے انہیں جولائی میں دوبارہ طلب کیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں انٹرویو مکمل ہونے کےبعد رہا کردیا گیا ہے تاہم اسکاٹ لینڈ یارڈ نے انہیں ایک ماہ بعد جولائی میں دوبارہ طلب کیا ہے۔ الطاف حسین کو ویلنگٹن اسپتال میں تفصیلی طبی معائنے کے بعدسدرک پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا 9 گھنٹے تک انٹرویو کیا گیا جس کےبعد ان کی ضمانت منظور کی گئی۔

الطاف حسین کی ضمانت پر رہائی کی خبر ملتے ہی ایم کیوایم کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے رہے جبکہ کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئی جہاں کارکنان نے خوشی میں بھنگڑے ڈالے اور رقص بھی کیا۔



(الطاف حسین کو رہائی کے بعد انکی رہائش گاہ لے جایا جارہا ہے)


ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مخالفین جتنی چاہیں باتیں کریں مگر الطاف حسین نے ہمیں عدم تشدد ،محبت،امن اور سلامتی کا پیغام دیا اور ہمارا دعویٰ تھا ہم نے نہ پہلے پاکستان میں قانون ہاتھ میں لیا اور نہ برطانیہ میں لیا جس کی آج تائید ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے ایک نئی ایم کیو ایم کا آغاز ہوا ہے جو پاکستان میں متوسط طبقے کے انقلاب کا آغاز ہے، ہم اب خود کو پہلے سے زیادہ توانا محسوس کررہے ہیں۔


اس موقع پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے ہم نے تمام مجبوریوں اور سازشوں کے باوجود رکاوٹوں کو عبور کیا اور قدرت نے ثابت کیا کہ فتح الطاف حسین کا مقدر ہے جس پر اللہ کے حضور سربسجود ہیں جبکہ جو لوگ سمجھ رہے تھے کہ ایم کیوایم ختم ہوجائے گی ان کے لیے پیغام ہے کہ ایم کیوایم اب پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگی۔ ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ آج ایم کیوایم کی تاریخی فتح ہے اور ہمارے لیے اس سے بڑے لمحات اور جذبات کا اظہار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا حوصلہ آسمان سے باتیں کررہا تھا اور اس حوصلے کی بدولت ہی تمام لوگ یہاں موجود رہے۔ ڈاکٹر صغیر احمد نے سیاسی جماعتوں ،میڈیا اور تمام لوگوں کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔


دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے الطاف حسین کی رہائی پر کارکنان و ذمہ داران کو مبارکباد دی جبکہ گورنر سندھ نے اس معاملے میں وزیراعظم نوازشریف اوروزیرداخلہ چوہدری نثار سمیت وفاقی حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر کیا، ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ الطاف حسین کی رہائی عوام اورکارکنوں کی دعاؤں کا ثمر ہے۔


واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کیس میں تین جون کو الطاف حسین کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا تاہم خرابی صحت کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین دن زیر علاج رہنے کےبعد 6 جون کو الطاف حسین کا تفصیلی طبی معائنہ کرکے انہیں ویلنگٹن اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا۔ الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا ،کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں پانچ روز تک دھرنے دیئے گئے جبکہ الطاف حسین کی صحت یابی کے لیے یوم دعا بھی منایا گیا جس میں ان کی صحت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں