فلم دنگل کی اداکارہ کونسے نایاب مرض میں مبتلا تھیں والد نے بتا دیا

سوہانی کے دونوں ہاتھوں سے سوجن پورے جسم پر پھیل گئی تھی، والد


ویب ڈیسک February 18, 2024
سوہانی بھٹناگر نے عامر خان کی فلم 'دنگل' میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا : فوٹو : فلم پوسٹر

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سُپر ہٹ فلم 'دنگل' کی اداکارہ سوہانی بھٹناگر کے والد نے اپنی بیٹی کی اچانک موت کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 19 سالہ سوہانی بھٹناگر کے والد نے بتایا کہ دو ماہ قبل اداکارہ کے ہاتھوں میں سوجن ہونے لگی تھی، ابتدائی طور پر اُنہوں نے سوجن کو سنجیدہ نہیں لیا لیکن بعد میں وہ سوجن اداکارہ کے دوسرے ہاتھ اور پھر پورے جسم پر پھیل گئی تھی۔

سوہانی بھٹناگر کے والد نے کہا کہ کئی ڈاکٹروں سے مشورہ کرنے کے باوجود بھی اُن کی بیٹی کی بیماری کا پتہ نہیں چل سکا تھا اور تقریباً 11 دن پہلے سوہانی کو دہلی کے ممتاز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ وہ ڈرماٹومیوسائٹس (Dermatomyositis) کے مرض میں مبتلا ہے۔

اداکارہ کے والد نے بتایا کہ ڈرماٹومیوسائٹس (Dermatomyositis) ایک نایاب مرض ہے جس میں جسم پر سوجن آتی ہے، جِلد پر دانے نکل آتے ہیں اور پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور اس مرض کا واحد علاج سٹیرائیڈز ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سٹیرائڈز لینے کے بعد، سوہانی کے جسم کا مدافعتی نظام بری طرح متاثر ہوا جس کی وجہ سے اداکارہ کی قوت مدافعت کمزور پڑ گئی تھی۔

مزید پڑھیں: زائرہ وسیم ساتھی اداکارہ کی اچانک موت پر صدمے سے دوچار

سوہانی کے والد نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری سے صحتیاب ہونے میں کافی وقت لگتا ہے۔ تاہم، کمزور قوت مدافعت کی وجہ سے، سوہانی کو اسپتال میں انفیکشن ہوگیا تھا، سوہانی کے پھیپھڑے کمزور ہوگئے تھے جس کی وجہ سے پھیپھڑوں میں پانی بھرگیا تھا اور سانس لینا مشکل ہو گیا تھا۔

اداکارہ کے والد نے مزید کہا کہ اُن کی بیٹی اس مرض سے لڑنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور 16 فروری کی شام سوہانی دُنیا سے رخصت ہوگئی۔

واضح رہے کہ سوہانی بھٹناگر نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سُپر ہٹ فلم "دنگل" میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، دنگل کے بعد سوہانی نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔

مزید پڑھیں: عامر خان کی فلم 'دنگل' کی اداکارہ 19 سال کی عمر میں چل بسیں

اس فلم میں عامر خان کو پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کے کردار میں دکھایا گیا تھا جو اپنی بیٹیوں گیتا پھوگاٹ اور ببیتا کماری کو بھارت کی پہلی عالمی سطح کی خاتون پہلوان بننے کے لیے تربیت دیتا ہے۔

فاطمہ ثنا شیخ اور سانیا ملہوترا نے عامر خان کی بیٹیوں کے بالغ کردار جبکہ زائرہ وسیم اور سوہانی بھٹناگر نے ان کے بچپن کے کردار ادا کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں