پی ٹی آئی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی عمر ایوب

تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، ہمیں پتہ ہے کہ ہاؤس کے اندر اکثریت کیسے ثابت کرنی ہے، نامزد امیدوار برائے وزیراعظم


ویب ڈیسک February 18, 2024
ہماری 180 سیٹیں ہیں جن کے نوٹیفیکیشن جاری کئے جائیں، نامزد امیدوار برائے وزیراعظم

پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے وزیراعظم عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے چئیرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرکے اعتماد کیا، پاکستان تحریک انصاف کو تاریخی مینڈیٹ اور تین کروڑ ووٹ ملے، ہماری 180 سیٹیں ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے ان کے نوٹیفیکیشن جاری کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی، تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، ہمیں پتہ ہے کہ ہاؤس کے اندر اکثریت کیسے ثابت کرنی ہے۔

عمرایوب نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف ہے بانی پی ٹی آئی سمیت جتنے ہمارے کارکن و رہنما جیل میں ہیں انکے لئے اقدامات کریں گے، معیشت کا حجم کم ہوا ہے، افراط زر 45 فیصد سے بھی زیادہ ہے اسی وجہ سے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا، جن نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب ہوئی ان کے فارم 47جاری کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مدَر آف آل رگننگ کی گئی، لیاقت چٹھہ نے ٹھیک کہاکہ انہوں نے غلط کام کیا، ہم چیف جسٹس سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی کی صاف شفاف انکوائری ہو، دھاندلی میں ملوث جو نام کمشنر راولپنڈی نے دیے ان میں سے کسی کو انکوائری میں شامل نہ کریں۔

اس موقع پر چئیرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے استعفی کامطالبہ نہیں کرتے ، ہم صرف اس پرفوکس کرنا چاہتے ہیں کہ صاف شفاف انکوائری ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں