بھارت نے اپنی ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی
راجکوٹ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 434 رنز سے شکست، میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل
بھارت نے اپنی ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔
راجکوٹ ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو 434 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔
یہ ٹیسٹ تاریخ میں بھارت کی مارجن کے لحاظ سے اب تک کی سب سے بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل بھارت نے 2021 میں نیوزی لینڈ کیخلاف 372 رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
مزید پڑھیں: اینڈرسن بھارت میں ٹیسٹ کھیلنے والے عمررسیدہ کرکٹر بن گئے
اتوار کو تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اپنی دوسری اننگز 430 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے انگلینڈ کو جیت کے لیے 557 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم چوتھے ہی روز اپنی دوسری اننگز میں 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مارک ووڈ 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
مزید پڑھیں: ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کی 3درجہ تنزلی
کپتان بین اسٹوکس اپنے تاریخی 100 ویں ٹیسٹ میں صرف 15 رنز بناکر کلدیپ یادیو کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے دوسری اننگز میں تباہ کن بولنگ کی اور پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں: حیدرآباد ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو 28 رنز سے شکست دیدی
روندرا جدیجا کو پہلی اننگز میں 112 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے اور مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا ٹیسٹ جمعہ سے رانچی میں شروع ہوگا۔ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو 28 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے 106 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔