الیکشن کمیشن چیلنج کیے گئے حلقوں کے نتائج کا آڈٹ کرے فافن

آڈٹ میں سیاسی جماعتوں کے امیدوار سمیت آزاد مبصرین کو شامل کیا جائے،فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک


ویب ڈیسک February 18, 2024
فوٹو: فائل

غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ وہ چیلنج کیے گئے حلقوں کے نتائج کا آڈٹ کرے۔

فافن نے الیکشن کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اب جن حلقوں کے نتائج کو چیلنج کیا گیا ہے الیکشن کمیشن ان کی جانچ پڑتال کرے، اور آڈٹ میں سیاسی جماعتوں کے امیدوار سمیت آزاد مبصرین کو شامل کیا جائے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کے بعد کی صورتحال کا تقاضا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری رد عمل دے، معاملے کی تکنیکی تحقیقات کرائی جائے اور سرکاری الیکشن دستاویزات کی بھی تحقیقات کی جائیں۔

پرایزائیڈنگ افسر کی سیل یا آر او کی سیل کے ساتھ کھولے گئے بیگز، بیلٹ پیپرز اکاؤنٹ بیگ،جاری بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائل، انتخابی فہرست کی مارک کاپی کو دیکھا جائے اور گنتی میں شامل اور خارج کیے گئے اور ضائع شدہ بیلٹ پیپرز کا جائزہ لیا جائے۔

ادارے نے مزید کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں دستاویزات بشمول نتیجہ فارم کے درست ہونے اور دستاویزات بشمول نتیجہ فارم کی مکمل دستیابی کا جائزہ لیا جائے، دوسرے مرحلے میں غیر تصدیق شدہ فارم کے انتخابی نتائج پر اثرات کا جائزہ لیا جائے اور تیسرے مرحلے میں الیکشن آفیشلز کا احتساب کیا جائے۔

فافن کے مطابق عام انتخابات 2024کے لیے 15 لاکھ کی تعداد میں الیکشن عملہ تعینات تھا، الیکشن عملے نے گنتی ،ٹیبولیشن اور نتائج مرتب کیے جس سے تنارعات پیدا ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن فارمز 45 کی مختلف کاپیوں کی حقیقت کی وضاحت کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔