بالی ووڈ فلمیں بالکل پسند نہیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں نصیرالدین شاہ

ہمارے فلمساز صرف پیسہ کمانے چاہتے ہیں پھر چاہے فلم کی کہانی کتنی ہی بیکار کیوں نہ ہو، نصیرالدین شاہ


ویب ڈیسک February 19, 2024
نصیرالدین شاہ نے بالی ووڈ فلموں کو ناپسندیدہ قرار دے دیا : فوٹو : فائل

بھارت کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ فلموں نے اپنی بیکار کہانی کی وجہ سے اُنہیں بہت مایوس کیا ہے، اسی وجہ سے اُنہوں نے بالی ووڈ فلمیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نصیر الدین شاہ نے کہا کہ یہ واقعی مایوس کن ہے کہ ہم یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہندی سنیما 100 سال پرانا ہے لیکن ہمارے فلمساز آج بھی وہی 100 سال پُرانی فلمیں بنا رہے ہیں اور اسی وجہ سے میں نے بالی ووڈ فلمیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں کیونکہ مجھے وہ بالکل پسند نہیں ہیں۔

نصیرالدین شاہ نے کہا کہ پردیس میں مقیم بھارتی ہی بالی ووڈ فلمیں دیکھنے سنیما جاتے ہیں کیونکہ یہ فلمیں اُنہیں اُن کے گھر اور ملک کی یاد دلاتی ہیں لیکن بہت جلد وہ بھارتی بھی ایسی فلموں سے تنگ آجائیں گے۔

سینیئر اداکار نے کہا کہ معاشرے کی حقیقت کو دکھانا "سنجیدہ فلمسازوں" کی ذمہ داری ہے اور میرے خیال میں بالی ووڈ صرف اُسی صورت میں باقی رہے گا جب ہم اسے پیسہ کمانے کے ذرائع کے طور پر دیکھنا چھوڑ دیں کے لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے، اب اس کا کوئی حل نہیں ہے کیونکہ ہمارے فلمساز صرف پیسہ کمانے چاہتے ہیں پھر چاہے فلم کی کہانی کتنی ہی بیکار کیوں نہ ہو۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ سنجیدہ فلمیں بنانا چاہتے ہیں، یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آج کی حقیقت کو ظاہر کریں لیکن اپنی فلموں میں کسی کے مذہب کو ٹھیس نہ پہنچائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں