عمران خان کا وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت میں درخواست دائر کی


ویب ڈیسک February 19, 2024
(فوٹو : فائل)

بانی پی ٹی آئی نے وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا، وکلاء کو دستاویزات تو دور کی بات، ایک صفحہ تک اڈیالہ جیل کے اندر نہیں لے کر جانے دیا جاتا، بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات کے دوران پرائیویسی بھی فراہم نہیں کی جاتی۔

درخواست گزار کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلاء کے دستاویزات کو قبضے میں لے لیا جاتا ہے اور 24 گھنٹے بعد واپس کیا جاتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار خان، اسد قیصر اور فیض الرحمن سے سیاسی مشاورت کے لیے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی اکیلے میں ملاقات کا حق فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے، عدالت بانی پی ٹی آئی کی وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں