حق کی بات کہنے والوں کو کبھی نقصان نہیں ہوتا الطاف حسین

وزیراعظم نواز شریف نے معاملے میں بہت مثبت کردار ادا کیا، ان کا شکر گزار ہوں، الطاف حسین


ویب ڈیسک June 07, 2014
باطل کے سامنے ہر جگہ حسینیت کھڑی ہو گی، قائد ایم کیو ایم۔ فوٹو؛ ایم کیو ایم

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حق اور سچ کی بات کہنے والوں کو کبھی نقصان نہیں ہوتا، آخری سانس تک حق کے لئے لڑتا رہوں گا۔

منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد لندن سے جاری اپنے پہلے بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ باطل کے سامنے ہر جگہ حسینیت کھڑی ہو گی، ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی اور کرتا رہوں گا، صبر سے کام لیا، رہائی کے لئے بھیک نہیں مانگی، آخری سانس تک حق کے لئے لڑتا رہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے معاملے میں بہت مثبت کردار ادا کیا، ان کا شکر گزار ہوں اور انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، انھیں مقررہ تاریخ اور وقت پر پولیس اسٹیشن آنا ہوگا۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کیس میں 3جون کو الطاف حسین کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا تاہم خرابی صحت کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 روز زیر علاج رہنے کے بعد 6 جون کو الطاف حسین کا تفصیلی طبی معائنہ کرکے انہیں ویلنگٹن اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور پھر صدرک پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے بعد انھیں جولائی تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ الطاف حسین کی رہائی کی خبر ملتے ہی ایم کیوایم کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئی جہاں کارکنان نے بھنگڑے ڈالے اور رقص بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں