عمرایوب کے علاوہ کوئی وزیراعظم بنا تو وہ جعلی وزیراعظم ہوگا اسد قیصر

کمشنر راولپنڈی کے انکشافات کے بعد واضح ہوگیا کہ کتنی بڑی دھاندلی ہوئی، رہنما پی ٹی آئی

(فوٹو: فائل)

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا عمرایوب ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، اگر کوئی اور وزیراعظم بنتا ہے تو وہ جعلی وزیراعظم ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی شیرانی گروپ کے رہنماؤں کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات کے بعد واضح ہوگیا کہ کتنی بڑی دھاندلی ہوئی، ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں، اور کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت ہمارا انتخابی نشان چھینا گیا، سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف ہے۔ علاوہ ازیں پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور شیرانی گروپ کا اتحاد قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا گل نصیب ہماری درخواست پر الیکشن سے دستبردار ہوئے، ملکی معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے اکٹھا ہونے کا فیصلہ کیا ہے، انتخابی دھاندلی سے متعلق ہمارا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے۔


اس موقع پر عمرایوب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی، ایم کیو ایم نے کراچی میں ہماری نشستوں پر پر ڈاکا ڈالا ہے، ہم مزید 80 نشستیں حاصل کریں گے، ایسا وزیر اعظم ہونا چاہیے جو مضبوط ہو کیونکہ پاکستان کو مضبوط حکومت چاہیے۔

علاوہ ازیں مولانا گل نصیب نے کہا ملک میں اقتصادی اور معاشی مسائل ہیں، مقتدر شخصیات اور سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں اتفاق پیدا کریں، اگے سفر کے لیے اتفاق و اتحاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحریک انصاف کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے کیونکہ پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں اس نظام پر اعتماد پیدا کیا جائے۔

 
Load Next Story