ایم کیو ایم کی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت سازی کی مکمل یقینی دہانی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت سازی میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کروا دی۔
مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان حکومت سازی اور کابینہ میں شمولیت سے متعلق اجلاس ہوا۔ اس حوالے سے کامران ٹیسوری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور بتایا کہ ہم حکومت سازی کے مشکل مرحلے میں ساتھ ہیں۔
علاوہ ازیں ترجمان ایم کیو ایم نے بتایا کہ ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، اسحاق ڈار، ایاز صادق اور محمد احمد خان شریک تھے۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجر سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان، سندھ بلخصوص شہری سندھ کے لوگوں کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کیلئے مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت میں شامل ہونے کیلئے ن لیگ سے تین نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت بھی مانگ لی ہے، ملک کو درپیش مسائل کا حل اور بحرانوں سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کو آئینی تحفظ دلوانا ایم کیو ایم پاکستان کی اولین ترجیح ہے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کروا دی امید ہے آج ہی اعلامیہ جاری ہو۔