کاسمیٹک سرجری کروا کر خاتون کی اسپتال سے فرار ہونے کی کوشش
خاتون کے اسپتال سے بھاگنے کی ویڈیو راہگیروں نے کیمرے میں ریکارڈ کی
ترکی میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے چہرے کی کاسمیٹک سرجری کروانے کے بعد بغیر بِل کی ادائیگی کیے اسپتال سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ترکی کے شہر استنبول میں پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے کاسمیٹک سرجری کے صرف چند گھنٹے بعد ہی اسپتال سے چپکے سے باہر نکل جانے کی کوشش کی تاکہ سرجری پر آئی لاگت ادا نہ کی جاسکے۔
خاتون کے اسپتال سے باہر بھاگنے کی ویڈیو راہگیروں نے کیمرے میں ریکارڈ کی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اس مختصر کلپ میں غیرملکی خاتون کو مریض کے لباس اور سفید چپل پہنے ہوئے اسپتال کے باہر ڈاکٹروں اور نرسوں سے بحث کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو خاتون کو جانے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خاتون کا چہرہ واضح طور پر سوجھا ہوا ہے اور تقریباً مکمل طور پر پٹیوں میں ڈھکا ہوا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرجری کو زیادہ وقت نہیں گزرا ہے۔
خاتون ایک غیر ملکی ہیں جن کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ وہ اپنے چہرے کی پلاسٹک سرجری کروانے ترکی آئی تھیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں کے ساتھ بیٹھ کر سرجری اور اس کی لاگت پر اتفاق کیا تھا لیکن جیسے ہی وہ کاسمیٹک سرجری کے بعد کچھ چلنے کے قابل ہوئی انہوں نے فوراً ادائیگی کیے بغیر اسپتال سے بھاگنے کی ناکام کوشش کی۔