عمران خان کی بہن کا بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کیلیے عدالت سے رجوع
عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی ہے۔
عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی توشہ خانہ کیس میں سزا پانے کے بعد سے بنی گالہ رہائش گاہ میں قید ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خاندانی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔
مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی دوران قید زہریلا کھانے دیے جانے کی وجہ سے شدید تکلیف میں ہیں، پی ٹی آئی
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عظمیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پمز کے سینئر ڈاکٹرز کو بھی ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی میں بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کے احکامات دیے جائیں۔