افریقی ملک گینیا میں فوج نے اپنی ہی عبوری حکومت برطرف کردی

جلد ہی نئے انتظامیہ کا اعلان کردیا جائے گا جب تک کابینہ کے ڈائریکٹرز، سیکریٹری جنرلز اور ان کے نائبین امور سنبھالیں گے


ویب ڈیسک February 20, 2024
گینیا کی فوج نے 2021 میں حکومت پر قبضہ کیا تھا—فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقی ملک گینیا میں فوج نے دو سال قبل اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد تشکیل دی گئی اپنی ہی عبوری حکومت برطرف کر دی۔


الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق گینیا کی فوج نے دو سال قبل حکومت پر قبضہ کیا تھا اور اب عبوری حکومت برطرف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی انتظامیہ حکومت سنبھالے گی۔

فوجی قیادت نے ویڈیو بیان میں کہا کہ کابینہ کے ڈائریکٹرز، سیکریٹری جنرلز اور ان کے نائبین نئی حکومت کی تشکیل تک حکومتی امور انجام دیں گے جبکہ برطرف حکومت جولائی 2022 میں تشکیل دی گئی تھی۔

پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان میں گینیا کے صدر کے سیکریٹری جنرل عمارہ کامرا نے فوجی عہدیداروں اور ماسک پہنے مسلح فوجیوں کی موجودگی میں غیرمتوقع خبر سے آگاہ کیا۔

صدر کے سیکریٹری جنرل نے واضح نہیں کیا کہ حکومت کیوں برطرف کردی گئی اور نئی حکومت کا سربراہ کون ہوگا جبکہ اس سے فوری طور پر ملک میں کیا تبدیلیاں آئیں گی۔

یاد رہے کہ گینیا میں فوج نے ستمبر 2021 میں حکومتی کنٹرول سنبھال لیا تھا اور ملک کے پہلے جمہوری صدر ایلفا کونڈے کو برطرف کردیا گیا تھا۔

بین الاقوامی دباؤ پر فوجی سربراہ کرنل ممادے ڈومبویا نے وعدہ کیا تھا کہ 2024 تک حکومت منتخب عوامی حکومت کے حوالے کردی جائے گی۔

گینیا کی فوج نے 2020 میں صدر ایلفا کونڈے کی جانب سے تیسری صدارتی مدت کے حصول کی کوشش پر ملک میں پیدا ہونے والی طویل کشیدگی کے بعد حکومت پر قبضہ کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں