کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد 26 تا 27 فروری ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات
25 فروری کومغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا جس کے زیراثر کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پرہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکا ایکسپریس نیوزسے بات چیت میں کہنا تھا کہ نیا مغربی سلسلہ 25فروری کو بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا، بلوچستان میں نئے مغربی سلسلے کے زیادہ اثرات بارش اورسردی کی شکل میں ظاہر ہوسکتے ہیں۔
سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ ابتدا میں مذکورہ سسٹم کے پورے سندھ پربھی اثرات دکھائی دے رہے تھے،مگراب مذکورہ سسٹم کے اثرات صرف سندھ کی ساحلی پٹی بشمول کراچی میں ظاہر ہوسکتے ہیں اورکراچی میں 26سے27فروری کے درمیان مطلع جزوی ومکمل طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا ہے کہ مارچ کے مہینے میں بھی مغرب کی جانب سے نئے سسٹم پاکستان میں داخل ہوسکتے ہیں۔
ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق 23فروری سے شہرکا درجہ حرارت دوبارہ گرنے اوردرجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، اس دوران کراچی میں کم سے کم پارہ 15ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
ارلی وارننگ سینٹرکے مطابق اس دوران موسم سرداورراتیں ٹھنڈی رہنے کی توقع ہے، جبکہ کل مطلع صاف اور بیشتر وقت دھوپ کھلی رہنے کا امکان ہے۔
بدھ کو شہر کے سرکاری ویدراسٹیشن پرکم سے کم درجہ حرارت20.5ڈگری جبکہ ماڑی پورویدراسٹیشن پر18.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، دیہی سندھ کے علاقوں پڈعیدن اورمٹھی کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔