اسرائیل کی شام میں بمباری سے دو افراد جاں بحق

حملے میں ایران کا کوئی شہری نشانہ نہیں بنا جبکہ اسرائیل کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا


ویب ڈیسک February 21, 2024
شامی میڈیا نے بتایا کہ حملے میں متعد افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں—فوٹو:رائٹرز

شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیل کی بمباری سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ مقامی میڈیا نے بتایا کہ شہر میں مزید دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شامی میڈیا اور فوجی ذرائع نے بتایا کہ دمشق کے ضلع کفرسوسہ میں اسرائیل نے فضائی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں جاں بحق دونوں افراد کی شناخت عام شہریوں کے طور پر ہوئی اور اس کے علاوہ متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

شامی میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں کثیرالمنزلہ عمارت کا جلا ہوا حصہ دیکھا جاسکتا ہے جبکہ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے مقاصد حاصل نہیں ہوئے۔

اسرائیل نے جس عمارت کو نشانہ بنایا، اس کے اطراف میں رہائشی عمارتیں، اسکول، ایرانی ثقافتی مراکز اور سیکیورٹی فورسز کے زیر استعمال کمپلیکس واقع ہے جبکہ شام کے مذکورہ ضلعے میں فروری 2023 میں بھی اسرائیل نے حملہ کیا تھا، جس سے ایرانی فوجی ماہرین ہلاک ہوگئے تھے۔

اسرائیل کی جانب سے اس حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب ایرانی خبرایجنسی اسٹوڈنٹ نیوز نیٹ ورک کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے میں ایران کا کوئی شہری نشانہ نہیں بنا۔

رائٹرز کے مطابق دمشق میں اور زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، مقامی میڈیا نے مخصوص علاقے کا حوالہ دیے بغیر بتایا کہ دمشق میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں