فرنچ اوپن ٹینس کے افق پر نئے ستاروں کی آب و تاب

رواں سال اپنے اعزاز کے دفاع کا عزم لئے میدان میںاترنے والے رافیل نڈال کو کلے کورٹ کا بادشاہ قرار دیا جاتا ہے


ثبات مہدی June 08, 2014
اگنیسکا ریڈوانسکا کو اسٹریٹ سیٹس میں مات ہوئی فوٹو : فائل

KARACHI: ٹینس کی دنیا میں سال کا پہلا گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن سخت گرم موسم اور چلچلاتی دھوپ کی وجہ سے کھلاڑیوں کے حوصلے آزماتا ہے تو دوسرے میگا ایونٹ فرنچ اوپن میں کلے کورٹس ان کے اعصاب کا امتحان لیتے ہیں۔

مٹی کی سطح پر گیند کی رفتار آہستہ لیکن باؤنس زیادہ ہوتا ہے،سروس کرانے کے لیے بھی زیادہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے، انہی وجوہات کی بناپر گراس پر کھیلنے والے کئی بہترین پلیئرز بھی یہاں جد و جہد کرتے نظر آتے ہیں،رولینڈ گروس میں اپ سیٹ شکستوں کی طویل تاریخ موجود ہے،گراس کورٹس پر جان مکینرو، سٹیفن ایڈبرگ،بورس بیکر،اینڈی روڈک اور مارٹینا ہنگز کے نام کا ڈنکا بجتا تھا لیکن فرنچ اوپن میں ان کا ریکارڈ قابل رشک نہیں،کامیابیوں کی طویل داستان رقم کرنے والے راجر فیڈرر صرف ایک مرتبہ اعزاز پانے میں سرخرو ہوسکے۔

رواں سال اپنے اعزاز کے دفاع کا عزم لئے میدان میںاترنے والے رافیل نڈال کو کلے کورٹ کا بادشاہ قرار دیا جاتا ہے، ان کے علاوہ ماضی میں پیٹ سمپراس کو یہاں 14گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، آئین لینڈل، بورن بورگ، ویلنڈر اور خواتین میں جسٹن ہینن کا شمار بھی فرنچ اوپن کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں کیا جاسکتا ہے۔

اس بار 13ویں ایڈیشن کے لیے رافیل نڈال کو فیورٹ قرار دیا گیا،انہوں نے گذشتہ برس ہم وطن ڈیوڈ فیرر کو زیر کرتے ہوئے مسلسل چوتھی اورکیریئر میں مجموعی طور پر 8ویں بار ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا، خواتین کی سنگلز ٹرافی سرینا ولیمز کے نام رہی،انہوں نے فائنل میں ماریا شرا پووا کو شکست دیکر تیسری مرتبہ کلے کورٹ گرینڈ سلم اپنے ریکارڈ کا حصہ بنایا۔ پیرس میں اختتام کے قریب موجودہ ایونٹ کے مینز مقابلوں ارنسٹ گلبز نے اپنی راہ میں آنے والے سابق چیمپئن راجرفیڈرر اور ٹوماس بریڈیچ جیسے معروف پلیئرز کو ٹھکانے لگاکر ٹائٹل کی امید ضرور جگائی لیکن ہمیشہ سخت جان حریف ثابت ہونے والے سیکنڈ سیڈ نووک جوکووک کو زیر نہ کرسکے۔

سرب سٹار نے گلبز کو6-3 ، 6-3 ، 3-6 اور6-3 سے شکست دیکر کیریئر کے13ویں اور فرنچ اوپن کے فائنل میں دوسری بار رسائی حاصل کی، ٹائٹل جیتنے کی صورت میں وہ چاروں گرینڈ سلم جیتنے والے ٹینس تاریخ کے آٹھویں کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں، یاد رہے کہ وہ فرنچ اوپن ٹرافی اپنے شوکیس میں نہیں سجا پائے، دوسرے فائنل فور میچ میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے انگلش حریف اینڈی مرے کو 6-3،6-2 اور6-1 سے زیر کرلیا،ہسپانوی سٹار کی مزید ایک فتح انہیں مسسل پانچویں بار ٹرافی پر قبضہ جمانے اور سابق سویڈش پلیئر بورن برگ کا ریکارڈ توڑنے کا موقع فراہم کردے گی،ٹائٹل کامیابی سے رافیل نڈال کے گرینڈ سلم کی تعداد 14 ہونے سے وہ آل ٹائم فاتحین میں دوسرے نمبر پر پیٹ سمپراس کے شراکت دار بن جائیں گے، راجرفیڈرر 17 گرینڈ سلم فتوحات کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

دوسری طرف خواتین کے مقابلوں میں بھی اپ سیٹ دیکھنے کو ملے،ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز اور سیکنڈ سیڈ لینا کو شکستوں کے بعد گھر واپسی کی راہ دیکھنا پڑی تو نوآموز کروشین ایجلا ٹومل جینووچ نے گالفر روری میکلوری سے محبت میں ناکامی کا صدمہ دل کو لگانے والی تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو سٹریٹ سیٹس میں مات دے کر فرنچ اوپن میں نئی تاریخ رقم کردی،اوپن ایرا کے کسی بھی گرینڈ سلم میں 3 ابتدائی سیڈڈ پلیئرزکے پری کوارٹر فائنل سے قبل آؤٹ ہونے کا یہ پہلا موقع ہے۔

دوسری طرف ابتدائی مراحل میں کمزور حریفوں کو باآسانی نیچا دکھانے کے بعد روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے ایونٹ میں خطرناک عزائم کا اظہار کرنے والی سپینش گاربین مگروزا کو 2گھنٹے 6 منٹ کی بھرپور جدوجہد کے بعد 1-6،7-5 اور6-1 سے شکست دیکر کے لگاتار چوتھے اور مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی پائی،ابتدائی سیٹ میں ناکام رہنے والی ماریا کیخلاف ورلڈ نمبر35 مگروزا نے ایک مرحلے پر دوسرے سیٹ میں 5-4 کی سبقت لے رکھی تھی، تیسرے سیٹ میں مگروزا ان کے لیے آسان حریف ثابت ہوئیں، ایک اور بیوٹی کوئین کینیڈین 18 سیڈ ایوگینے بوچارڈ نے دوسری سپینش پلیئرکارلا سواریز نیوارو کو 7-6(7/4) ،2-6 اور7-5 سے مات دی۔

جرمن آندریا پیٹکووک نے باآسانی اطالوی سارا ایرانی کو 6-2، 6-2سے زیر کیا جبکہ ابھرتی ہوئی سٹار سائمونا ہیلپ نے روسی کزنٹسووا کے خلاف اسی مارجن سے کامیابی پائی، فاتح پلیئرز کے درمیان جنگ میں سائمونا نے(7/4) 7-6،6-2سے جیت کیساتھ کسی بھی گرینڈ سلم فائنل میں جگہ بنانے والی رومانیہ کی پہلی کھلاڑی کے طور پر نام درج کرایا، ماریا شراپوووا نے ایو گینے پوچارڈ کی امیدوں پر 4-6،7-5اور 6-2سے پانی پھیرا،ان سطور کے لکھے جانے تک شائقین بیتابی سے منتظر تھے کہ فتح کی دیوی کس پر مہربان ٹھہرتی ہے۔

ٹرافی 2012کے بعد ایک بار پھر روسی ساحرہ کا مقدر بنتی ہے یا پھر کبھی ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ پانے والی سائمونا رومانیہ کے عوام کو جشن منانے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ فرنچ اوپن کے سنسنی خیز مقابلوں کا آج اختتام ہوجائے گا لیکن ایونٹ کے دوران ہونے والے کئی اپ سیٹ اور ابھرتے ہوئے سٹارز کی غیر متوقع فتوحات شائقین کی یادوں سے ایک عرصہ تک محو نہیں ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں