سنی اتحاد کونسل میں شامل آزاد اراکین کو حلف سے روکنے کیلئے درخواست دائر

سنی اتحاد کونسل کی پارلیمنٹ میں کوئی نشست نہیں ہے، اس لیے اسے پارلیمانی جماعت نہیں کہا جا سکتا، درخواست میں مؤقف

الیکشن کمیشن میں درخواست مولوی اقبال حیدر نے دائر کردی—فائل: فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے آزاد اراکین اسمبلی کو حلف سے روکنے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔

الیکشن کمیشن میں درخواست مولوی اقبال حیدر نے دائر کی اور مؤقف اپنایا کہ سنی اتحاد کونسل پارلیمانی پارٹی نہیں ہے، اس لیے آزاد ارکان کو اس جماعت میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔


درخواست گزار مولوی اقبال حیدر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی پارلیمنٹ میں کوئی نشست نہیں ہے، اس لیے اسے پارلیمانی جماعت نہیں کہا جا سکتا اور وہ کامیاب امیدوار جنہوں نے کوئی پارلیمانی پارٹی میں شمولیت نہیں کی وہ اسمبلی میں نہیں بیٹھ سکتے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے حامی آزاد اراکین اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل سے انتخابی اتحاد کے بعد شمولیت کا فیصلہ کیا تھا اور خیبرپختونخوا سے کامیاب 60 اراکین اسمبلی نے حلف نامے نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے پاس جمع کرادیے تھے۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا خود آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں اور قومی اسمبلی کے لیے ان کی جماعت کے انتخابی نشان پر انتخاب نہیں لڑا تھا۔
Load Next Story