پاکپتن وائلڈ لائف کے عملے نے سرحد پار سے آئی نیل گائے کو ریسکیو کرلیا

بھارت سے آنےو الی نیل گائے کو مقامی لوگوں نے قید کرلیا تھا جسےریسکیو کرکے وائلڈلائف پارک ہیڈسلیمانکی منتقل کیا گیا


آصف محمود February 23, 2024
فوٹو: ایکسپریس

مقامی لوگوں نے بھارت سے آنے والی نایاب نسل کی نیل گائے کو پکڑ کر قید کرلیا،پنجاب وائلڈلائف عملے نے اطلاع ملنے پر مادہ نیل گائے کو ریسکیو کرکے وائلڈلائف پارک ہیڈسلیمانکی منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے نواحی علاقہ ڈپھی میں بھارت سے راستہ بھٹک کرخوراک کی تلاش میں آنے والی نیل گائے کومقامی لوگوں نے پکڑکر باندھ لیا، نایاب نسل کی نیل گائے کو باندھے جانے کی ویڈیو ایکسپریس نیوز کو مل گئی۔

دوسری طرف اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ساہیوال نعیم طاہر نے بتایا کہ انہیں جیسے ہی اس واقعے کی اطلاع ملی انہوں نے اپنی ٹیم علاقہ کی طرف روانہ کردی تھی جس نے مادہ نیل گائے کو ریسکیو کرکے ہیڈسلیمانکی وائلڈلائف پارک منتقل کردیا گیا۔

نعیم طاہر کے مطابق مادہ نیل گائے کافی زخمی تھی جسے فوری طبی امداد بھی دی گئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ عرصہ قبل بارڈر ایریا سے ایک نر نیل گائے کو بھی ریسکیو کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی مشرقی سرحدی علاقوں میں اکثر نیل گائے ،سامبڑ اور دیگرجنگلی جانور راستہ بھٹک کر بھارت سے پاکستان پہنچ جاتے ہیں۔

اب تک درجنوں نیل گائیں اورہرن ریسکیو کرکے لاہور کے وائلڈلائف پارک جلو سمیت دیگر چڑیا گھروں میں منتقل کیے جاچکے ہیں جبکہ کئی جانوروں کو واپس ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑا گیا ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں