مریم نواز کے علاوہ سینیئر قیادت کو پنجاب کی نشستیں چھوڑنے کی ہدایت

مریم نواز پی پی 159 کی نشست سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گی

(فوٹو : فائل)

مسلم لیگ ن نے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سوا سینیئر پارٹی قیادت کو صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔

صدر ن لیگ شہباز شریف قصور کی قومی اور لاہور کی دو صوبائی نشستیں چھوڑ دیں گے جبکہ حمزہ شہباز لاہور کی صوبائی نشست چھوڑیں گے۔

سردار غلام عباس چکوال، رانا تنویر شیخوپورہ، سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نارووال، سردار اویس لغاری ڈیرہ غازی خان اور جام کمال لسبیلہ (بلوچستان) کی صوبائی نشست سے دستبردار ہوں گے۔


پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے دستبردار ہوگئیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 اور پی پی 159 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ مریم نواز پی پی 159 کی نشست سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گی۔

مریم نواز نے این اے 119 سے دستبرداری کا خط الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا، اس نشست پر اب الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کروائے گا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہے جس کی صدارت نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کر رہی ہیں۔
Load Next Story