یتیم خانے میں مقیم لڑکی سے زیادتی کے ملزم کو 10 سال قید

ملزم مہدی نے 2021 میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد


کورٹ رپورٹر February 23, 2024
—فائل فوٹو

شہر قائد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے شیلٹر ہوم (یتیم خانے) میں لڑکی کے ساتھ زیادتی کے مقدمے میں ملزم کو 10 سال قید کی سزا سنادی۔

کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے شیلٹر ہوم میں لڑکی کے ساتھ زیادتی کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔

استغاثہ دوران سماعت جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا، جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم مہدی حسن کو دس سال قید کی سزا سنائی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ جج نے شریک ملزمہ عذرا کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔ پراسیکیوشن کے مطابق دوران ٹرائل ملزم کے خلاف 11 گواہان کو عدالت میں پیش کرکے بیانات ریکارڈ کروائے گئے۔

ٹرائل کے دوران ملزمان نے اپنا جرم قبول کرنے سے انکار کیا۔ متاثرہ خاتون شیلٹر ہوم میں رہائش پذیر تھی جہاں واقعہ پیش آیا تھا۔ ملزم نے متاثرہ خاتون کو کمرے میں فریمز لگانے کے بہانے بلاکر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ملزم کی جانب سے متاثرہ خاتون کو ڈرایا دھمکایا بھی گیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ مئی 2021 میں تھانہ جمشید کواٹر میں درج کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔