وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان خیبرپختونخوا میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جب کہ شیخ رشید منی مارچ کے ذریعے نوٹنکی کر رہے ہیں۔
لاہور سے نارووال کے درمیان چلائی جانے والی فیض احمد فیض ٹرین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی بھی صوبے کے لئے مختص فنڈز میں کمی نہیں کی جب کہ اس حوالے سے عمران خان کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خیبرپختونخوا میں تبدیلی کھل کر سامنے آگئی کہ وزرا کی تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ اب تک نہیں کیا جاسکا، عمران خان کے بارے میں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ غیر سنجیدہ سیاست کر رہے ہیں اور عوام کے مسترد شدہ لوگوں کی بیساکھیوں کا سہارا لے رہے ہیں، اگر انہوں نے دھرنوں، جلوسوں اور جھوٹ کی سیاست جاری رکھی تو ہر آنے والا دن انہیں غیر مقبول کردے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے مارچ کے لئے درخواست آئی ہے تاہم انہوں نے منی مارچ کے لئے 80 سیٹیں مانگی ہیں اور ان کی درخواست پر غور کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ریلوے ریاستی ادارہ ہے جی ٹی روڈ یا موٹر وے نہیں، شیخ رشید منی مارچ کے ذریعے نوٹنکی کرنا چاہتے ہیں امید ہے شیخ صاحب مسافروں کی مجبوریوں کا بھی احساس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے ہونے چاہیں اسی لئے اے این پی سے رابطہ کیا، اگر طاہر القادری پاکستان آئیں تو ان کا شاندار استقبال کریں گے۔
سکھ یاتریوں کے بھارت سے پیدل پاکستان پہنچنے پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نےسکھ یاتریوں کی سہولت کیلیے ٹرین بھیجی تھی لیکن بھارت اپنے سکھ شہریوں کو پیدل چلا کر تکلیف دینا چاہتا ہے توہم کیاکرسکتے ہیں تاہم ٹرین کو خالی واپس بھیجنے کا معاملہ بھارتی حکام کے سامنے اٹھایا ہے۔