وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کے نزدیک چھوٹے صوبوں کی کوئی اہمیت نہیں یہی وجہ ہے کہ وہ چھوٹے صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کو نظر انداز کرکے صوبائی تعصب پھیلا رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گوادر کی ترقی، بلوچستان میں پاور پلانٹس لگنا اور کراچی سے لاہور موٹروے منصوبے سے نفرت ہے، عمران خان کی سیاسی حکمت عملی میں چھوٹے صوبوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی صوبائی تعصب کی بات کرتے ہیں انہوں نے سندھ اور بلوچستان کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان بلوچستان کے زلزلہ متاثرین سےاظہار یکجہتی کے لیے آواران نہیں گئے، کراچی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوروں کے نشانے پر تھا تو عمران خان کہاں تھے جب کہ وہ تھر میں بھوک سے مرنے والوں کے پاس بھی نہیں گئے۔