پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل توصیف کے نام سے ہوئی ہے
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی کے دوران اشتہاری ملزم بھی مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں ٹیلہ بند روڈ پر سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد نے ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت دیگر پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔
مسلح افراد کی فائرنگ پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی بھی کی، جس پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل توصیف کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کرکے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
بعد ازاں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ہونے والے سرچ آپریشن کے دوران خطرناک اشتہاری مجرم وحید ولد زاہد کا سراغ لگا لیا گیا، جن کی گرفتاری کے لیے منصوبہ بندی کی گئی جو نہایت حکمت عملی کے ساتھ اس کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اشتہاری مجرم کے ساتھ دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم پولیس پارٹی آڑ لیتے ہوئے محفوظ رہی جبکہ اشتہاری مجرم وحید گولی لگنے سے ہلاک ہوا، ہلاک اشتہاری ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوا۔