’’ایم کیو ایم کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے‘‘ مصطفیٰ کمال کی آڈیو لیک ہوگئی

متحدہ رہنما نے آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے متحدہ لندن پر لیک کرنے کا الزام لگادیا

فوٹو: ویڈیو گریب

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کو مصطفیٰ کمال کی بریفنگ کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

آڈیو میں مصطفیٰ کمال کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ 'نون لیگ والوں نے بتایا ہے کہ پی پی والے کہہ رہے ہیں کہ آپ کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے، سب کا 50 یا 60 فیصد مینڈیٹ جعلی ہوگا لیکن آپ کا تو 100 فیصد جعلی ہے، نون لیگ والوں نے بتایا کہ پی پی کا کہنا ہے کہ پی پی اور نون لیگ کے نمبرز پورے ہیں، ایم کیو ایم کو باہر نکالیں ان کی ضرورت نہیں'۔

مصطفی کمال نے آڈیو میں کہا کہ 'ہماری کئی میٹنگز ہوچکی تھیں، پی ایم ایل این نے رات کے کسی پہر ہمیں بلایا، ایسا لگا کہ زبردستی کمرے میں گھس گئے اور کہا گیا کہ آگئے ہو تو بیٹھ جاؤ، ان کا میٹنگ کا موڈ نہیں تھا، لگ رہا تھا کہ بلا لیا ہے تو مل لیا جائے، 45 منٹ کی میٹنگ ہوئی پھر انہوں نے کہا کہ ہماری پیپلز پارٹی سے میٹنگ ہے'۔

مصطفی کمال نے آڈیو میں کہا کہ 'ہم نے پوچھا کہ آپ کا کیا طے پایا پیپلز پارٹی والوں سے؟ جس پر نون لیگ والوں نے جواب دیا کہ پی پی سے میٹنگ کی ساری چیزیں خفیہ ہیں لیکن اسکے باوجود 2 چیزیں آپ کو بتا دیتے ہیں۔ ایک یہ کہ پی پی والے کہہ رہے ہیں آپ کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے، دوسرا یہ کہ پی پی کا کہنا ہے کہ ہمارے (پی پی اور نون لیگ) نمبرز پورے ہیں ، ایم کیو ایم کو باہر نکالیں ان کی ضرورت نہیں۔




لیک ہونے والی ویڈیو میں مصطفیٰ کمال یہ بھی کہتے ہوئے سنائی دیے کہ ہمیں تمام باتوں کا علم ہونا چاہیے کہ ان کا کیا موڈ ہے، ہمارے پاس سارے جوابات تھے لیکن ہم نے ان کو کوئی جواب نہیں دیا۔ دریں اثنا سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال کی سوشل میڈیا پر آڈیو لیک کے حوالے سے ان کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے جس میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہ میری ہی آڈیو ہے اور اسے میں مانتا ہوں، مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہوں۔

ن لیگ سے کئی ملاقاتیں ہوئی اس میں ن لیگ والوں نے بتایا پیپلز پارٹی کہہ رہی ہے ایم کیوایم کی ضرورت نہیں ہے، پیپلز پارٹی ن لیگ کو کہہ رہی ہے کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ صیح نہیں ہے ، یہ والی بات ہم ٹی وی پر پیپلز پارٹی کو کہہ رہے ہیں کہ وہ ہمیں یہ بتا رہے ہیں ، ن لیگ کے لوگوں سے ہونے والی بات سب کو بتا رہا ہوں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے کمرے سے میری کوئی وائس ریکارڈنگ کر رہا ہے اور بہت دنوں سے ہمیں یہ بھی اطلاعات تھیں کہ ایم کیو ایم لندن کے کچھ لوگ ہم میں بیٹھے ہوئے ہیں، ہمیں شک تھا لیکن کنفرم نہیں ہو رہا تھا لیکن جب فارنزک کرایا تو ہمیں کنفرم پتہ چل گیا کہ وہ کون ہے جو ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی میں بیٹھ کر ایم کیو ایم لندن کے لیے کام کر رہا ہے ، یہ آڈیو ایم کیو ایم لندن نے ریلیز کی ہے اور وہ یہ سمجھ رہے کہ کوئی بہت بڑی چیز ان کے ہاتھ لگ گئی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا آڈیو میں جو بات چیت ہوئی ہے وہ عام گفتگو ہے جو ٹی وی پر بھی ہو رہی ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ رابطہ کمیٹی کی کوئی گفتگو ریکارڈ کر کے ایم کیو ایم لندن کو بھیج رہا ہے لیکن ان کو یہ اندازہ نہیں کہ ان کا جو ایک '' گھس بیٹھیا '' ہمارے درمیان موجود ہے ، جو ان کا ایجنٹ بیٹھا ہوا ہے اس نے اس کی پکڑائی دیدی ہے اور ہمیں نشاندہی ہوگئی ہے کہ ہمارے درمیان پارٹی اور قوم کے خلاف کون ہے جو یہ کام کر رہا ہے۔

Load Next Story