سول ایوی ایشن کی نااہلی کے سبب قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان

12سال میں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے والی غیرملکی ایئرلائنزسے عالمی قوانین کے مطابق رقم ہی طلب نہیں کی گئی


Adil Jawad June 09, 2014
ایف آئی اے کی نشاندہی پر افغانستان کی صافی ایئرویز کو3 سال کے دوران6 ہزار پروازوںپر 10 کروڑ روپے کا بل جاری کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی افسران نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ12 سال کے دوران پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنیوالی غیرملکی ایئرلائنز سے اربوں روپے وصول نہیں کیے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

ایف آئی اے کی نشاندہی پر صرف 3 سال کے دوران افغانستان کی صافی ایئرویزکو6 ہزار پروازوں کیلیے10 کروڑ روپے کا بل جاری کردیا گیا، ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہم عہدوں پر فائز رہنے والے20 سے زائد عہدیداروں کو قانونی نوٹس جاری کردیے۔ سیکریٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزیراعظم نواز شریف کو گذشتہ سال ایک رپورٹ پیش کی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ گذشتہ12 سال کے دوران متعدد غیرملکی ایئرلائنز نے بڑے پیمانے پر پاکستانی فضائی حدود استعمال کیں تاہم انھوں نے بین الاقوامی ایوی ایشن قوانین کے مطابق پاکستان کو اس سلسلے میں ادائیگی نہیں کی، اس عرصے کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اہم ترین عہدوں پر تعینات رہنے والے افسران بھی غفلت میں ملوث ہیں۔

وزیراعظم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رپورٹ پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں اورغفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے جاوید اکبر ریاض کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم قائم کی تھی ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس گذشتہ12 سال کے دوران پاکستانی فضائی حدودکا استعمال کرنے والی غیرملکی ایئرلائنز کی پروازوں کا ریکارڈ ہی موجود نہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ افسران نے متعدد رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تاہم تحقیقاتی افسران نے گذشتہ 3 سال کے دوران پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے والی غیرملکی ایئرلائنز کی پروازوں کا ریکارڈ حاصل کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ 2001 میںنیٹو فورسزکی جانب سے افغانستان پر حملے کے بعد غیرملکی ایئرلائنز کی جانب سے افغانستان کیلیے پروازوں میں کئی گنا اضافہ ہوا تاہم پاکستانی سول ایوی ایشن حکام نے نامعلوم وجوہ کی بنا پر غیرملکی ایئرلائنز کو اپنی حدود استعمال کرنے پر کوئی بل ہی جاری نہیں کیا، ایف آئی اے نے افغانستان کے علاوہ دیگر روٹس کیلیے چلنے والی پروازوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ کی ایک ایئرلائنزکو10 لاکھ روپے کا بل جاری کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سارے عمل میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ٹریفک ریگولیشنز، بلنگ اورآپریشنز میں گذشتہ12 سال کے دوران تعینات رہنے والے اعلیٰ افسران سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ یہ انتہائی تکنیکی تحقیقات ہے تاہم ان کی ٹیم نے شب و روز کی محنت کے بعد بے قاعدگیوں کو سراغ لگالیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں