شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعے کی صبح سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں مغربی سسٹم کے اثرات کے سبب جمعہ کی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور صبح ساڑھے دس بجے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جو تھم گئی بعد ازاں کچھ وقفے کے بعد بارش دوبارہ شروع ہوئی جس کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
بلدیہ ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، اسکیم 33، نیو کراچی، ایف بی ایریا، ناظم آباد، صدر، کراچی ائرپورٹ، شاہراہ فیصل، کورنگی، ملیر، لانڈھی، کلفٹن، گلشن معمار ، گلشن اقبال، گلشن حدید، گلستان جوہر، نیو کراچی، کورنگی سمیت تمام ہی علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش ہوئی۔
بارش کے باعث ہوا میں ٹھنڈک پیدا ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہوا۔ بارش کے سبب مختلف علاقوں موٹر سائیکل سوار پھسل کر زخمی ہو گئے۔
مزید پڑھیں: بارش برسانے والا سسٹم کراچی سے نکل گیا، ہفتے کو مطلع صاف رہے گا، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہونے والی بارش کے ملی میٹرمیں اعدادوشمار جاری کیے گئے۔ جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل(شاہراہ فیصل) پر14ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کیماڑی میں 13 ملی میٹر،ناظم آباد 12.5ملی میٹر،سرجانی ٹاون 12.4ملی میٹر،سعدی ٹاون 12ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
اسی طرح اورنگی ٹاؤن میں 9.7 ملی میٹر، ڈی ایچ اے 9.5 ملی میٹر، گڈاپ ٹاؤن 7.9ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور(ماڑی پور)اورقائد آباد7.5ملی میٹر،گلشن حدیداوراولڈ ائیرپورٹ پر7 میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
جناح ٹرمینل 6.4ملی میٹر،کورنگی 6.3ملی میٹر،ملیر6 ملی میٹراوریونیورسٹی روڈ پر5.7ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
بارش کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی بھی جمع ہوا جبکہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے علاقے خیابان شہباز میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہوئی۔
ترجمان ڈی ایچ اے نے کہا کہ نکاسی آب کے سب سے بڑے منصوبےاسٹروم واٹرڈرینج کے دوسرے مرحلے میں ہے،برساتی پانی کے بروقت اخراج کے لیے بارش کے دوران ہیوی پمپس نصب کیے گئے۔
بارش کے باعث پروازیں منسوخ
جمعے کو مغربی سسٹم کے نتیجے میں ہونے والے کچھ درمیانی اور تیز شدت کے اسپیلز کے نتیجے میں جناح ٹرمینل ائیرپورٹ سے پروازوں کی روانگی میں تعطل رہا جبکہ کچھ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
سول ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 368 کی روانگی میں سوا گھنٹے کی تاخیر ہوئی جبکہ اسلام آباد روانہ ہونے والی قومی ائیرلائن کی ایک دوسری پرواز پی کے 308کی روانگی بھی ایک گھنٹہ تاخیرکا شکارہوئی۔
اس دوران کراچی سے ملتان جانے والی پی آئی اے کی پروازپی کے 330 بھی لگ بھگ ایک گھنٹے تاخیرکے بعد روانہ ہوئی، ملکی نجی ائیرلائن کی پرواز پی ایف 123 کراچی سےپونے گھنٹے جبکہ ایک اورنجی ائیرلائن کی پرواز ای آر812 کی جدہ سے کراچی آنے والی پروازمیں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر ہوئی۔
اس سے قبل صبح کے وقت کراچی ائیرپورٹ پرفضائی آپریشن کے دوران ناموافق موسمی حالات اورکچھ انتظامی امور کی وجہ سے پی آئی اے کی کراچی سے گوادر اور کراچی سے سکھر کی دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں متوقع بارش؛ سرکاری و نجی اداروں میں نصف دن کی تعطیل کا اعلان
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق گزشتہ روز جاری کردہ الرٹ کے تحت کراچی ائیرپورٹ پرسی اے اے عملہ 24 گھنٹے متحرک رہا،اس دوران فنل ایریا میں برڈ شوٹر کی اضافی تعیناتی کے علاوہ ٹارمک ،ایپرن ایریا میں فالو می وین کا گشت جاری رہا جبکہ بارش کے دوران طیاروں کو پھسلن سے محفوظ رکھنے کے لیے رن وے پرٹیمیں تعینات رہیں۔
اس سے قبل مغربی ہواؤں کے سسٹم نے بلوچستان میں بڑی تباہی مچائی اور بالخصوص بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں شدید بارشیں ہوئیں، جس کے بعد وہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج دوپہر سے بارش کے چار اسپیل کی پیشگوئی کی تھی جس کے بعد شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی اور تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے چھٹیاں بھی منسوخ کی گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل بھی کی جب کہ کنٹونمنٹ ہیڈکوارٹر میں بھی ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں کل ممکنہ بارش کے پیش نظر شام کے اسکولوں کی تعطیل کا اعلان
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی میں ممکنہ آندھی اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر انتظامات کو حتمی شکل دی۔ اس حوالے سے جاری کردہ الرٹ کے تسلسل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملے کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ انتظامیہ نے فنل ایریا(طیاروں کی ٹیک آف و لینڈنگ کےمقام ) پر اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے۔
شہر میں آج بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر حکومت سندھ نے سرکاری، خود مختار و نیم خودمختاروں اداروں میں آدھے دن کی تعطل کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم مارچ کو مذکورہ بالا نوعیت کے تمام دفاتر کے اوقات کار دوپہر 2 بجے تک ہوں گے جبکہ نوٹیفکیشن کا اطلاق نجی شعبے کے اداروں پر بھی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان
علاوہ ازیں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے شام کی شفٹ کےا سکولوں کی تعطیل کا بھی اعلان کیا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے شام کی شفٹ میں چلنےو الے نجی و سرکاری اسکولوں میں جمعے کی تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔