عام شہری صدر بننے کا خواہش مند کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک ہوگی۔

شمیم احمد نے کہا کہ وہ صدر بن کر ملک کی معیشت بہتر بناؤں گا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کراچی میں ایک عام شہری نے بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروادیے۔

صدارتی انتخاب کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے آزاد امیدوار شمیم احمد نے کہا کہ میں پاکستان اسٹیل ملز کا ریٹائرڈ ملازم ہوں، مجھے کوئی رکن پارلیمان نہیں جانتا تاہم صدر بن کر ملک کی معیشت بہتر بناؤں گا۔

آزاد امیدوار نے پریزائڈنگ افسر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے پوچھا کہ صدارتی امیدوار کے لیے آزاد حیثیت سے لڑنے والے کا کیا فیصلہ ہوگا، جس پر پریذائڈنگ افسر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ ہم نے فارم وصول کرلیے ہیں۔


چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے آزاد امیدوار کو بتایا کہ فارم وصول ہوگئے ہیں اور مزید معاملہ ریٹرننگ آفیسر دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت کے انتخاب کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار کے طور پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے، دونوں امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری صدارتی انتخاب کے شیڈول کے مطابق انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک ہوگی۔

صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 2 مارچ کو دوپہر 12 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4مارچ کو صبح 10 بجے کی جائے گی جبکہ 5 مارچ کو دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے اور اسی روز دوپہر ایک بجے امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔
Load Next Story