ایئرپورٹ پر حملے کے بعد بھی اطراف کی کالونیوں میں خوف کی فضا برقرار

گزشتہ رات شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں نے بچوں کو شدید خوف میں مبتلا کیا، آبادیوں میں نوجوانوں نے پہرے دیے


Staff Reporter June 10, 2014
پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بعد کراچی ایئر پورٹ کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، پارکنگ ایریا میں ٹیکسیاں کھڑی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جناح ٹرمینل ائیر پورٹ پر حملے کے دوران ائیرپورٹ کے اطراف سول ایوی ایشن کالونی، پی آئی اے کالونی، ماڈل کالونی سمیت دیگر ملحقہ آبادیوں میں شدیدخوف وہراس پایا گیا تھا۔

دہشت گردی کے اس واقعے کی وجہ شہر بھر میں بھی خوف وہراس کی فضا برقراررہی جبکہ ائیرپورٹ کے اطراف آبادیوں میں رہائش پذیرمکین ٹیلی فون پر رات بھراپنے عزیزواقارب سے ایک دوسرے کی خیروعافیت معلوم کرتے رہے جوگزشتہ رات سے اپنے گھروں میں محصور تھے، کئی خاندان عارضی طور پر دیگر علاقوں میں موجود رشتے داروں کے پاس چلے گئے ،مکینوں نے بتایا کہ رات بھر شدید فائرنگ اوردھماکوںکی آوازوں نے بچوں کوشدیدخوف میں مبتلا کررکھاتھامعلوم نہیں ہورہا تھا فائرنگ کہاں اورکون کررہے ہیں۔

مکینوں کاکہنا تھا کہ ٹی و ی چینلوں سے معلوم ہوا کہ ائیرپورٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیاہے ، دہشت گردوںکی جانب سے دھماکوں کی آوازوں نے ہم سب کوخوف میں مبتلاکر رکھاتھا،اس بات کا بھی خوف تھا کہ کوئی دہشت گرد آبادی میں گھس کر کسی کو یرغمال نہ بنا لے، ائیرپورٹ کے اطراف میں قائم مختلف آبادیوں میں اپنی مدد آپ کے تحت نوجوانوں نے پہرے بھی دیے اوررات کے اوقات میں ان آبادیوں میں آنے والوں کو چیک کرتے رہے، رات کے وقت ائیرپورٹ کے اطراف قائم چائے خانے اور ہوٹل بھی بند رہے،اولڈ ائیرپورٹ پر واقع پی آئی اے کا ائیرپورٹ ہوٹل اوررامادا ہوٹل کے مرکزی گیٹ بھی بندکردیے گئے تھے اور ہوٹل میں صرف ان افرادکوآنے کی اجازت دی جارہی تھی جوہوٹل میں قیام پذیر تھے، دریں اثنا ائیرپورٹ پر حملے کے دوسرے دن (پیر) کوسر کاری وغیرسرکاری دفاتر میں حاضری نسبتاکم رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں