پختونخوا پولیس پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 اہل کار شہید

دہشت گردوں نے بنوں کے علاقے میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، ٹانک میں پولیس موبائل پر حملے کے بعد مزید نفری طلب کرلی گئی

(فوٹو: فائل)

خیبر پختونخوا میں پولیس پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق بنوں کے علاقے تورہ نپہ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس میں فائرنگ سے 2 سکیورٹی اہل کار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔



دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہل کاروں کی لاشوں اور زخمی اہل کار کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا گیا ہے۔


دوسری جانب ٹانک میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پر حملہ کردیا، جس کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔


پولیس کے مطابق پنگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل پر حملہ کیا، جس میں ایس ایچ او سمیت دیگر اہل کار موجود ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابققریبی تھانے کے ملازمین سمیت شہر سے بھاری پولیس نفری جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔


پولیس اور حملہ آوروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ اطلاع ملنے کے فوراً بعد بکتر بند گاڑیاں بھی جائے وقوع کی جانب روانہ کردیں گئی ہیں۔

Load Next Story